یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ ،نیوزی لینڈ 90 رنز پر ڈھیر

دبئی۔26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی پہلی اننگز 418 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد میزبان ٹیم نے میزبان ٹیم کو فالو آن کروادیا۔ دبئی ٹسٹ میں تیسرے دن کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنرس نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یاسر شاہ نے پہلے اوپنر جیت راول کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ نے مزید 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ۔یاسر شاہ نے 12.3 اوورس میں 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔جبکہ حسن علی نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کے 6 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں دوسرے دن پاکستان نے 5 وکٹ پر 418 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔ پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈرحارث سہیل نے ٹسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی جب کہ بابراعظم نے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ حارث سہیل کیریئر کا بہترین اسکور147 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 127 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔یاد رہے کہ پہلے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی کر سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔

TOPPOPULARRECENT