یاسر شاہ کے نام ایک ہی دن میں کئی ریکارڈز

دبئی ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔ دبئی میں نیوزی لینڈ ، پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 418 رنز کے جواب میں صرف 90رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کی تباہی کے ذمہ دار پاکستانی اسپنر یاسر شاہ تھے جنہوں نے 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں لے کر کیریئر کی بہترین بولنگ کی، جو دبئی میں کسی بھی بولر کی بہترین بولنگ کا ریکارڈ ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے دویندرا بشو کے پاس تھا جنہوں نے دو سال قبل پاکستان کے خلاف 49 رنز کے عوض 8 وکٹیں لی تھیں۔ یاسر شاہ کی پہلی اننگز میں شاندار بولنگ کسی بھی پاکستانی بولر کی ٹسٹ اننگز میں تیسر بہترین مظاہرہ کا ریکارڈ ہے جہاں ان سے قبل عبدالقادر اور سرفراز نواز نے فی کس 9 وکٹیں لینے کا اعزاز کیا تھا تاہم یاسر شاہ نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی بولر کے بہترین مظاہرے کا ریکارڈ قائم کردیا، ان سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گوفی لارنس کے پاس تھا جنہوں نے 62-1961 میں 53 رنز کے عوض8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نیوزی لینڈ کے 4 سے 11 نمبر کے بیٹسمینوں نے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور میں محض 5 رنز جوڑے جو ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ ہے، جو اس سے قبل سری لنکا کے پاس تھا جس کے بیٹسمینوں نے صرف 8 رنز جوڑے تھے۔ میچ میں نیوزی لینڈ کے 6 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے اور ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کے صفر پر آؤٹ ہونے کے عالمی ریکارڈ کو برابر کردیا۔ اس سے قبل پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور ہندوستان کی ٹیموں کے بھی 6 کھلاڑی ایک اننگز کے دوران صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ علاوہ ازیں یاسر شاہ نے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن ایک ایسا منفرد ریکارڈ قائم کردیا جو پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کوئی بھی بولر نہ کر سکا۔ یاسر شاہ نے میچ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں 8 وکٹیں لینے کے بعد دوسری اننگز میں بھی نیوزی لینڈ کے دو بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اس طرح پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک دن میں 10وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

TOPPOPULARRECENT