Tuesday , December 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر 120 سال قدیم عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب

یاسر 120 سال قدیم عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب

لارڈز ۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے لارڈز ٹسٹ میں دس وکٹوں کی فتح گر کاردگی کے بعد وہ ٹسٹ کرکٹ میں بولرز کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر فائز ہو چکے ہیں۔ 2014 میں اپنے کریئر کے آغاز کے بعد سے یاسر نے عالمی سطح پر انتہائی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اس دوران مثبت ڈوپ ٹسٹ کے سبب ان پر تین ماہ کی پابندی عائد کی گئی لیکن یاسر شاہ نے ہمت نہ ہاری اور لارڈز ٹسٹ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے دس وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس بہترین کارکردگی کی بدولت وہ ٹسٹ میں عالمی نمبر ایک بولر بھی بن گئے ہیں اور 20 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ تاہم اب یاسر ایک ایسا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں جو گزشتہ 120 سال میں کوئی نہیں توڑ سکا۔ یاسر 13 ٹسٹ میچوں میں 86 وکٹیں لے چکے ہیں اور 100 وکٹوں کی تکمیل سے محض 14 وکٹ کے فاصلے پر ہیں اور اگر وہ آئندہ دو ٹسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دے دیتے ہیں تو وہ عالمی ریکارڈ بنا دیں گے۔
ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیزی سے 100 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے جیورج الفریڈ لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16 ٹسٹ میچوں میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا تھا اور 120 سال گزر جانے کے باوجود ان کا یہ ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔پاکستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سعید اجمل کے پاس ہے جنہوں نے 19 ٹسٹ میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ اگر یاسر اگلے دو ٹسٹ میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کرتے ہیں تو 15 ٹسٹ میچوں میں 100 وکٹیں مکمل کر کے سب سے تیز ترین وکٹوں کی سنچری کا عالمی ریکارڈ بنا دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT