Tuesday , September 25 2018
Home / دنیا / یروشلم سفارتخانہ کا افتتاح ‘ ٹرمپ ویڈیو خطاب کرینگے

یروشلم سفارتخانہ کا افتتاح ‘ ٹرمپ ویڈیو خطاب کرینگے

واشنگٹن 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ پیر کو یروشلم میں امریکی سفارتخانہ کے افتتاح کی تقریب میں بذریعہ ویڈیو تقریبا 800 امریکی و اسرائیلی مہمانوں سے خطاب کرینگے ۔ امریکی سفیر نے یہ بات بتائی ۔ امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین کے بیان سے یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا ڈونالڈ ٹرمپ اس تقریب سے براہ راست ویڈیو لنک سے خطاب کرینگے یا پھر یہ پہلے سے ریکارڈ شدہ خطاب ہوگا ۔ ٹرمپ نے جمعہ کو ٹوئیٹ کیا تھا کہ آئندہ ہفتے ایک بڑا موقع ہے جب امریکی سفارتخانہ اسرائیل کو یروشلم منتقل کردیا جائیگا ۔ سب کو مبارکباد۔ امریکی سفیر نے کہا کہ تل ابیب میں واقع سفارتخانہ کے عملہ کے وہاں آخری ایام چل رہے ہیں کیونکہ پیر سے سفارتخانہ اور عملہ کے کچھ ارکان یروشلم سفارتخانہ کو منتقل ہوجائیں گے ۔ پیر کی شام میں یہ افتتاح ہونے والا ہے ۔ فریڈمین نے کہا کہ لوگ تل ابیب کے سفارتخانہ میں بھی کام کیلئے آئیں گے تاہم یہ لوگ یروشلم سفارتخانہ کی برانچ میں کام کرینگے اور وہ سمجھتے ہیں کہ سب لوگ اس سے خوش ہیں اور اس طرح کے تاریخی موقع میں شامل ہونے کیلئے پرجوش بھی ہیں۔ فریڈمین نے کہا کہ ان کے اندازہ کے مطابق اس تقریب میں زائد از 800 مہمان شرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اس تقریب سے بذریعہ ویڈیو خطاب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے معلنہ تعداد سے زیادہ امریکی کانگریس ارکان بھی شریک ہونگے ۔

TOPPOPULARRECENT