Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / یشونت سنہا زیرقیادت وفد کا دورۂ کشمیر مکمل

یشونت سنہا زیرقیادت وفد کا دورۂ کشمیر مکمل

Srinagar: Senior BJP leader Yashwant Sinha, talking to media persons in Srinagar on Tuesday after a meeting. PTI Photo by S Irfan(PTI10_26_2016_000147B)

وادی میں صورتحال مجموعی طور پر پُرسکون۔ تعلیمی ادارہ جات بدستور بند
سری نگر، 27اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا زیرقیادت پانچ رکنی سیول سوسائٹی وفد نے آج کشمیر کے اپنے سہ روزہ دورہ کی تکمیل کرلی جس کے دوران اس نے مختلف حاملین مفادات سے ملاقات کی تاکہ صورتحال کو سمجھا جاسکے اور یہاں کے لوگوں کا دُکھ درد بانٹا جائے۔ یہ وفد اب دہلی میں اجلاس منعقد کرنے کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گا۔ سنہا نے کہاکہ اِس وفد میں جس کی اگرچہ کوئی سرکاری حیثیت نہیں، گزشتہ روز چیف منسٹر محبوبہ مفتی اور آج گورنر این این ووہرہ سے ملاقات کی۔ یشونت سنہا کی سری نگر آمد کے باوجود کشمیر کی مجموعی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جہاں علیحدگی پسند قیادت کی اپیل پرہڑتال کے باعث معمولات زندگی جمعرات کو مسلسل 111 ویں روز بھی مفلوج رہے ۔ اس وفد نے یہاں حریت کانفرنس کے دونوں گروپوں کے سربراہان سید علی شاہ گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کے علاوہ متعدد دیگر علیحدگی پسند قائدین اور تجارتی انجمنوں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔ وادی میں 8  جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہوئی آزادی حامی احتجاجی مظاہروں کی لہر کے دوران کم از کم 90  عام شہری ہلاک جبکہ 15 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو اگرچہ وادی کے کسی بھی حصے میں کرفیو نہیں رہا، تاہم وسطی کشمیر کے گاندربل اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ قصبوں میں تشدد کے واقعات کو روکنے کے لئے پابندیاں نافذ رہیں۔ پولیس نے بتایا کہ وادی کے تمام حصوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں امن وامان کی بحالی کے لئے سیکورٹی فورسز اور اسٹیٹ پولیس کی اضافی نفری بدستور تعینات رکھی گئی ہے۔ پولیس دعوے کے برخلاف پائین شہر کے مختلف علاقوں کی صورتحال بالکل مختلف نظر آئی جہاں سیکورٹی فورسیز نے مختلف سڑکوں کو خاردار تار سے بند رکھا ہے ۔ وادی میں ہڑتال کے باعث دکانیں اور تجارتی مراکز مسلسل 111 ویں روز بھی بند رہے جبکہ تعلیمی ادارے بدستور بند پڑے ہوئے ہیں۔ تاہم گذشتہ دو ہفتوں کے مقابلے میں آج سڑکوں پر بہت ہی کم خانگی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔ حریت کانفرنس کے دونوں گروپس اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے گزشتہ روز اپنے تازہ احتجاجی کلینڈر میں وادی میں جاری ہڑتال میں 3 نومبر تک توسیع کا اعلان کیا۔

’اتحاد‘ کی خدمات میں توسیع کا اعلان
نئی دہلی 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) خلیج کی ایرلائنز اتحاد ایرویز اور جیٹ ایرویز کے درمیان سرمایہ کاری میں شراکت دار کمپنی ’اتحاد‘ نے آج یہاں اپنی فلائٹس سرویسس اور روٹ نیٹ ورک میں توسیع کا اعلان کیا اور کہاکہ وہ فی ہفتہ 28 اضافی پروازیں چلائے گی اور ابوظہبی اور ہندوستان کے درمیان تین نئی منزلوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ توسیعی خدمات آئندہ سال کے اوائل شروع ہوں گی۔ ’اتحاد‘ موجودہ طور پر ابوظہبی اور 11 ہندوستانی شہروں کے درمیان 175 ہفتہ وار فلائٹس چلاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT