Tuesday , November 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / یلاریڈی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح

یلاریڈی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح

زرعی مارکٹ کمیٹیوں کی حلف برداری تقریب، ریاستی وزیر ہریش راؤ نے شرکت کی
یلاریڈی۔/6نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی منڈل، گندھاری منڈل اور سدا شیو نگر منڈل زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین کی حلف برداری تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے شرکت کی۔ تقریب سے قبل وزیر موصوف نے مستقر پر جدید تعمیر کردہ سوشیل ویلفیر گوروکل اسکول کی عمارت جو 17کروڑ روپئے سے مکمل کی گئی ہے افتتاح کیا اور مستقر پر چار لائن سڑک جو پانچ کروڑ سے تعمیر کی جائے گی اس کا انہوں نے سنگ بنیاد رکھا ۔شیو ا نگر تا امبیڈکر چوراستہ اور پولیس اسٹیشن تا سومارپیٹ بائی پاس روڈ تک چار لائن سڑک تعمیر کی جائے گی جس کا کام بہت جلد آغاز کیا جائے گا۔ وزیر موصوف کے ہاتھوں مقامی ماڈل اسکول احاطہ میں جدید تعمیر کیا گیا گرلز ہاسٹل جو ایک کروڑ 20لاکھ روپئے سے مکمل کیا گیا ہے افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے طالبات سے بات کرتے ہوئے تعلیم کے بارے میں دریافت کیا۔ وہاں سے شجرکاری کے بعد ایم آر پی فنکشن ہال پہنچے جہاں پر حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یلاریڈی مارکٹ کمیٹی چیرمین مسٹر وینکٹ رام ریڈی، ڈپٹی چیر مین مورم سائیلو، گندھاری مارکٹ کمیٹی چیرمین گیتا، سداشیو نگر مارکٹ کمیٹی چیرمین شیام راؤ کی حلف برداری عمل میں آئی۔ اس موقع پر یلاریڈی رکن اسمبلی رویندر ریڈی نے کہا کہ یلا ریڈی کو ریونیو ڈیویژ بناتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت نے یلا ریڈی کو ترقی کی سمت گامزن ہونے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے مارکٹ کمیٹی کو مزید مستحکم بنانے نئے صدور سے خواہش کی۔ کسانوں کو تلنگانہ بھر میں خوش رکھتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کا قیام ممکن ہوسکتا ہے۔ ریاستی وزیر مسٹر ہریش راؤ نے سدا شیو نگر ، گندھاری میں مارکٹ کمیٹی کے تحت زرعی گودام تعمیر کروانے کا تیقن دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یلاریڈی مارکٹ کمیٹی احاطہ میں لب سڑک 20ملگیات تعمیر کروانے کیلئے 46لاکھ روپئے منظور کرنے کا تیقن دیا۔ پوچارم پراجکٹ کو سیاحتی مرکز بنانے کیلئے حضور نظام کے دور حکمرانی میں تعمیر کیا گیا گیسٹ ہاوز مزید خوبصورت بنانے کیلئے ضروری فنڈ منظور کرنے کا وعدہ کیا۔ رکن اسمبلی رویندر ریڈی کی کاوشوں اور بہترین کارکردگی کی ستائش کی۔ مشن کاکتیہ کے کاموں سے آبی ذخائر میں اضافہ ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمان مسٹر بی بی پاٹل، ضلع کلکٹر ستیہ نارائنا، سابق رکن اسمبلی جناردھن گوڑ، منڈل پریشد صدر گنگادھر، نائب صدر سرینواس، تحصیلدار ناگا جیوتی، ڈپٹی تحصیلدار وینکٹ ریڈی، منڈل پریشد ارکان میں محمد سخاوت علی، راج شیکھر، ایم پی ڈی او ستیش ریڈی، لنگم پیٹ منڈل پریشد صدر آسیہ معید، زیڈ پی ٹی سی سامیل، ڈی ایس پی ستیہ نارائنا، سرکل انسپکٹر انیل کمار اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT