Friday , November 16 2018
Home / Top Stories / یمنا ایکسپریس وے پر کہر کے سبب کئی گاڑیاں متصادم، 12 زخمی

یمنا ایکسپریس وے پر کہر کے سبب کئی گاڑیاں متصادم، 12 زخمی

مغربی اتر پردیش زبردست کہرکی لہر۔ متھرا میں دو افراد کی موت ، 15زخمی
گوتم بدھ نگر، 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں آگرہ سے نوئیڈا کو جوڑنے والے یمنا ایکسپریس وے پر آج صبح گھنے دھند اور کہرا کے سبب کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ گوتم بدھ نگر پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہات) سنیت سنگھ نے حادثے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یمنا ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ سے تقریبا 15 کلو میٹر پہلے تھانہ دنکور علاقے میں صبح گھنے کہرے کی وجہ سے تقریبا 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں بھی شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے تمام زخمیوں کو گریٹر نوئیڈا کے نجی ہسپتالوں میں داخل کرایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں علاج کے بعد شام تک ہسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔ ایس پی دیہات نے بتایا کہ اس حادثے کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے یمنا ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی لمبی قطار لگنے سے جام کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ جام کھلوانے کے لئے کرین کی مدد سے حادثے کی شکارگاڑیوں کو ھٹواکر راستے کو صاف کرایا گیا۔
l مغربی اتر پردیش کے بیشتر علاقوں میں کہرے کے مدنظر ریاستی حکومت نے متعلقہ ضلع انتظامیہ کو احتیاطا ہائی الرٹ کردیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ وزیراعلی یوگی آدیتہ ناتھ کی ہدایات کے مطابق چیف سکریٹری راجیو کمار نے آج دوپہر کو ہنگامی میٹنگ بلائی۔ اس میٹنگ میں مختلف محکموں کے افسران موسم میں فوری تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ریاست کے مغربی اوروسطی علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سے چھائے گھنے کہرے کی وجہ سے غازی آباد اور گوتم بودھ نگر اضلاع میں پانچویں کلاس تک کے اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا گیاہے۔
l اترپردیش میں متھرا میں آج گھنے کہرے کی وجہ سے مختلف حادثات میں دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 18دیگر زخمی ہوگئے ۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سواپنل ممگائی نے بتایا کہ مہاون علاقے میں یمنا ایکسپریس وے کے مائل اسٹون 125 کے پا س گھنے کہرے کی وجہ سے ایک کے بعد ایک 18 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثہ میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے اعلی افسران جائے واقعہ پر پہنچے اور راحت کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا اور آمدورفت بحال کی گئی۔

 

TOPPOPULARRECENT