Tuesday , December 11 2018

یمن امن مذاکرات کیلئے اقوام متحدہ نمائندہ کا دورہ سعودی

ریاض 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے نمائندے مارٹن گرفتھس نے آج ریاض میں یمنی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات آئندہ مہینے حوثی باغیوں اور سعودی حمایت والی یمنی حکومت کے مابین بات چیت کے آغاز سے قبل ہوئی ہے ۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ یمن میں باغیوں کے کنٹرول والے شہر حدیدہ میں اضطراب آمیز سکون چھایا ہوا ہے ۔ اس شہر کو درآمدات اور امداد کی رسائی و دیگر سرگرمیوں کیلئے کافی اہمیت حاصل ہے ۔ زبردست بین الاقوامی دباو کو دیکھتے ہوئے یمن کی حکومت اور اتحادیوں نے حدیدہ پر قبضہ کرنے اپنی پانچ ماہ سے جاری کارروائیوں کو روک دیا ہے ۔ گرفتھس ماہ ڈسمبر میں سویڈن میں بات چیت منعقد کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یمن کے نائب صدر علی محسن الاحمر اور وزیر خارجہ خالد الیمانی سے سعودی دارالحکومت میں ملاقات کی ۔ یمنی سرکاری نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی ۔ یمنی قائدین نے گرفتھس کے ساتھ آئندہ مہینے منعقد ہونے والی مجوزہ بات چیت کے انتظامات اور امکانی اعتماد سازی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے گذشتہ ہفتے حدیدہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا تھا ۔ امکان ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کئے جانے والے یمنی صدر عبدالرب منصور ہادی سے بھی ملاقات کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT