Monday , December 18 2017
Home / عرب دنیا / یمن میں امریکی فوج کی موجودگی کا اعتراف

یمن میں امریکی فوج کی موجودگی کا اعتراف

القاعدہ کے خلاف فضائی حملوں میں شدت ، انٹلیجنس معلومات کی فراہمی میں تعاون : پینٹاگون
واشنگٹن ۔ 7 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ اس کے فوجی ایک سال قبل یمن میں شروع ہونے والی بغاوت کے آغاز سے ہی یمن میں تعینات ہیں تاکہ القاعدہ کی مقامی شاخ کے خلاف لڑائی میں عرب اور مقامی حکومتوں کی مدد کرسکیں۔پینٹاگون بحریہ کے کیپٹن جیف ڈیوس نے کہا کہ  ’’امریکی فوج نے یمن میں القاعدہ کے جنگجوئوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے اور حالیہ ہفتوں میں چار مختلف جگہوں پر القاعدہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے‘‘۔ ڈیوس نے بتایا کہ ’’امریکی فوجیوں کی ایک بہت محدود تعداد یمنی اور عرب فوج خصوصا اماراتی فوجیوں کے ساتھ مل کر یمن کے ساحلی شہر المکلاء کے قریب کام کر رہی ہے‘‘۔ یاد رہے کہ المکلاء ایک بندرگاہی شہر ہے جو ایک سال قبل القاعدہ کی مقامی شاخ کے محاصرے میں آگیا تھا۔

امریکی ترجمان نے فوجی کی موجودگی پر مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ہمارے مفادات کیلئے لازمی ہے۔ اگر کسی دہشت گرد تنظیم نے ساحلی شہر کا قبضہ سنبھال لیا تو اس سے ہمارے مفادات کو شدید دھکا لگے گا اور ہم اسی کو روکنے کے لئے تعاون کررہے ہیں‘‘۔انھوں نے بتایا کہ ہم اماراتی فوج کو انٹلیجنس مدد فراہم کر رہے ہیں مگر انہوں نے اس بات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا کہ یہ فوجی اسپیشل آپریشن گروپ سے تعلق رکھتے ہیں یا نہیں۔ القاعدہ نواز تنظیم کے جنگجو حکومت کے آپریشن کی وجہ سے المکلاء اور دیگر علاقوں سے فرار ہوگئے ہیں۔ زمین پر موجود فوجیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ یمن میں اپنے اتحادیوں کو فضاء میں تیل بھرنے کی سہولیات، نگرانکاری ، منصوبہ بندی، سمندری حفاظت اور طبی امداد فراہم کرتا ہے۔ پینٹاگون نے ایک وقت میں یمن میںا سپیشل آپریشنز فورسز کے 100 افراد کو یمنی فوج کی مشاورت کے لئے تعینات کررکھا تھا مگر پچھلے سال ملک میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے نتیجے میں ان تمام فوجیوں کو واپس بلالیا گیا۔پینٹاگون نے مزید اعلان کیا کہ اس کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران القاعدہ کے خلاف فضائی کارروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق 23 اپریل سے اب تک القاعدہ کے خلاف چار فضائی حملے کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں القاعدہ کے 10 جنگجو ہلاک جبکہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT