Sunday , January 21 2018
Home / Top Stories / یمن پر تازہ فضائی حملے اور زمینی جنگ جاری

یمن پر تازہ فضائی حملے اور زمینی جنگ جاری

صنعاء۔24مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی زیر قیادت جنگی طیاروں نے آج پورے یمن میں فضائی حملوں کا تازہ سلسلہ شروع کردیا ۔ ایران کی حمایت یافتہ باغیوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا ۔ جب کہ زمینی جنگ بھی جنوبی یمن میں ہولناک رُخ اختیار کرگئی ۔ عینی شاہدین کے بموجب فضائی حملوں کا نشانہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں کے ذخیرہ کو بنایا گیا جو غو

صنعاء۔24مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی زیر قیادت جنگی طیاروں نے آج پورے یمن میں فضائی حملوں کا تازہ سلسلہ شروع کردیا ۔ ایران کی حمایت یافتہ باغیوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا ۔ جب کہ زمینی جنگ بھی جنوبی یمن میں ہولناک رُخ اختیار کرگئی ۔ عینی شاہدین کے بموجب فضائی حملوں کا نشانہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ ہتھیاروں کے ذخیرہ کو بنایا گیا جو غولہ کے علاقہ واقع ہے اور صوبہ عمران میں صنعا کے شمال میں ہے ۔ ہتھیاروں کے ذخیروں پر دارالحکومت صنعا میں بھی اسی قسم کی بمباری کی گئی جس کی وجہ سے مہلک دھماکے ہوئے اور شبواہ فوجی اڈے پر بھی فضائی حملے ہوئے جو فی الحال باغیوں کے زیر قبضہ ہے ۔ مغربی صوبہ ہدیدا میں ایک فوجی ہوائی اڈہ پر اتحادی افواج کے لڑاکاطیاروں نے دو مرتبہ بمباری کی ۔ مقامی آبادی کے بموجب عرب مخلوط اتحاد نے حوثیوں اور اُن کے حلیفوں کے مورچوں پر حملوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ انسانی بنیاد پر جنگ بندی منگل کی رات دیر گئے ختم ہوگئی ۔ شمالی یمن کے علاقہ حجہ میں حوثی باغیوں کے اجتماع پر حملہ کیا گیا جس سے کم از کم 12جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ عینی شاہدین کے بموجب فضائی حملے ضمر کے مورچوں پر بھی کئے گئے جو باغیوں کے زیر قبضہ ہے ۔

سرکاری عہدیداروں نے جو وہاں تعینات ہیں کہا کہ دبابے اور مارٹر داغنے والی مشینیں پورے وسطی یمن کے علاقہ میںپھیلی ہوئی ہیںجہاں گھمسان جنگ ہورہی ہے ۔ ایک قبائلی ذریعہ کے بموجب جنوبی یمن میں جنگی طیاروں نے باغیوں کو حملہ کے نشانہ بنایا جو عتق میں قبائلیوں کے ساتھ برسرپیکار ہیں ۔ یہ علاقہ صوبہ شبواہ کا دارالحکومت ہے ۔ فوجی عہدیداروں کے بموجب زمینی جنگ میں کم از کم 28افراد بشمول 17حوثی اور 11قبائلی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ عدن میں باغیوں اور صدر عبدالرب منصور ہادی کے وفادار فوجیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہورہی ہے ۔ فوجی ذرائع کے بموجب شمالی ‘ مشرقی اور مغربی یمن میں بھی حوثیوں اور صدر ہادی کے حامی فوجیوں میں زبردست جنگ ہورہی ہے ۔سعودی زیرق یادت اتحادی فوجیوں نے فضائی حملوں کی مہم حوثیوں کے خلاف 26مارچ سے شروع کر رکھی ہے جب کہ باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا اور صدر ہادی کے مستحکم گڑھ عدن کی سمت پیشرفت شروع کردی جس کی وجہ سے وہ ریاض فرار ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ اقوام متحدہ جس نے یمن کے موضوع پر آئندہ ہفتہ جنیوا میں چوٹی کانفرنس کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے کہنا ہے کہ تشدد سے ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور پانچ لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوچکے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT