Saturday , November 25 2017
Home / عرب دنیا / یمن کے شہر زنجبار پر قبضے کیلئے جنگ

یمن کے شہر زنجبار پر قبضے کیلئے جنگ

صنعاء ۔9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں فوجی ذرائع کے بموجب فوج نے باغیوں کے زیرقبضہ جنوبی ابیان صوبے کے دارالحکومت کے خلاف حملہ شروع کیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ فوج سعودی اتحاد کی جانب سے فراہم کردہ ٹینک اور دیگر فوجی سازوسامان کا استعمال کر رہی ہے اور زنجبار پر شمال اور جنوب دونوں جانب سے لشکر کشی کر رہی ہے۔اس شہر کا سقوط حوثی باغیوں کے لیے ایک اور بڑا دھکہ ہوگا کیونکہ انھیں حالیہ دنوں میں کئی محاذ وںپر ناکامیوں کا سامنا رہا ہے۔عدن کے ہاتھ سے جانے کے بعد اس ہفتے انھیں ایک اہم ہوائی اڈے سے ہاتھ دھونا پڑا۔عدن کے شمال میں واقع العند ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے ہونے والے معرکے میں شدید نقصانات کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ادارہ ڈبلیو اے ایم نے بتایا کہ سعودی عرب کی سربراہی میں جاری مہم کے دوران تین اماراتی فوجی مارے گئے ہیں۔ان کے مطابق ابھی بھی باغیوں کا یمن کے بڑے حصے پر قبضہ ہے جس میں دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے۔حوثی باغیوں نے مارچ میں جنوب کی جانب پیش قدمی کی تھی جس سے صدر منصور ہادی کو سعودی عرب فرار پر مجبور ہونا پڑا تھا۔سعودی عرب کا خیال ہے کہ اس کا حریف ایران حوثی باغیوں کی مدد کررہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایران نے حوثیوں کو مسلح کیا ہے لیکن ایران اور حوثی دونوں ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی افواج کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ ہادی کی حکومت کی بدعنوانی اور ان کے شمالی گڑھ کو نظرانداز کرنے پر لڑ رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT