Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / یوروکپ ہنگامہ آرائی پر 2 برطانوی شہریوں کو جیل

یوروکپ ہنگامہ آرائی پر 2 برطانوی شہریوں کو جیل

مارسے ، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کی ایک  عدالت نے یوروکپ 2016ء میں انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ سے قبل تماشائیوں کے جھگڑے میں ملوث 2 برطانوی شہریوں کو جیل بھیج دیا۔ عدالت نے 41 سالہ نرس آئن ہیپورتھ کو تین ماہ قید اور 20 سالہ شیف الیگزینڈر بوتھ کو دو ماہ کیلئے جیل بھیج دیا جبکہ دونوں افراد پر فرانس میں دو سال کیلئے پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ دونوں برطانوی شہری فرانس کے جنوبی شہر میں فٹبال کے مداحوں میں جھڑپوں میں شریک ان 10 افراد میں شامل ہوئے جو ایک دوسرے پر حملوں میں پیش پیش تھے۔ سزا پانے والے ہیپورتھ نے اعتراف کیا کہ اُس نے ہفتہ کو انگلینڈ کے میچ کے بعد اتوار کو دوپہر ایک بجے پولیس پر شراب کی بوتل سے حملہ کیا تھا۔ اُس نے ترجمان کے ذریعے عدالت کو بتایا کہ ’’میرا کام لوگوں کی مدد کرنا تھا، میں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے‘‘۔ اُس نے کہا کہ پولیس کو بوتل سے نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ تاہم اُس نے عدالت میں کہا کہ ’’میں اپنے نئے فرانسیسی دوستوں کو متاثر کرنا چاہتا تھا‘‘۔ انگلینڈ ٹیم کی جرسی زیب تن کئے ہوئے بوتھ نے بھی عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے پولیس پر شراب کا کپ پھینکا اور بُرے رویے کا مظاہرہ بھی کیا۔ بوتھ نے کہا کہ ’’میں نے مارسے کے لوگوں اور پولیس سے معافی مانگی ہے، میں ایسا کرنا نہیں چاہتا تھا لیکن میں ایک غلط وقت پر غلط جگہ پر موجود تھا‘‘۔ یوروکپ کے دوران جھڑپوں میں ملوث دیگر 4 برطانوی، ایک آسٹریائی اور تین فرانسیسیوں سمیت 8 مداحوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
یورو کپ کے دوران پہلے شائق کی موت
اُدھر فرانسیسی شہر نائس میں شمالی آئرلینڈ کا شائق اپنی جان گنوا بیٹھا جس کے ساتھ وہ یورو 2016 میں ہلاک ہونے والا پہلا شخص بن گیا۔ 24 سالہ ڈارن راجرز رات دیر گئے 1:50 بجے پر ساحلی علاقے پر واقع رسٹورنٹ پر حفاظتی باڑ سے نیچے رکھی گیس کی بوتلوں پر جاگرا۔ نائس کے پراسکیوٹر نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق وہ شخص شراب کے نشے میں دھت تھا اور اُس کے نیچے گرنے کی وجہ کوئی جھگڑا نہیں تھا۔ آئرش فٹبال اسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو پیٹرک نیلسن نے کہا کہ ’’آئرش فٹبال اسوسی ایشن کی جانب سے میں شمالی آئرلینڈ کے پرستار کی اندوہناک موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

TOPPOPULARRECENT