Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو : اسپین کی غیرمتوقع شکست کے باوجود پیشرفت

یورو : اسپین کی غیرمتوقع شکست کے باوجود پیشرفت

پیرس ، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) یورو2016ء کے مقابلوں میں دفاعی چمپئن اسپین نے کروشیا کے ہاتھوں اَپ سٹ شکست کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ جرمنی نے شمالی آئرلینڈ اور ترکی نے جمہوریہ چیک کو زیر کیا۔ فرانس میں جاری یورو کپ میں رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سٹ ہوا جب کروشیا نے ڈیفنڈنگ چمپینس اسپین کی مضبوط ٹیم کو 1-2 سے شکست دے دی۔ اسپین نے میچ کے ساتویں منٹ میں سیس فیبریگاس کے بہترین پاس پر الویرو موراتا کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جبکہ ڈینجل سباسک نے سرجیو راموس کی پنالٹی کو روک کر کروشیا کو دوگنے خسارے میں جانے سے بچا لیا۔ کروشیا کی جانب سے نیکولا کلے نک نے 45 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے ہاف میں برتری لینے کے اسپین کے خواب کو بھی چکنا چور کردیا۔ دوسرے ہاف میں بھی اسپین نے کھیل پر حاوی رہا لیکن کروشیا نے جوابی حملے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے 87 ویں منٹ میں دوسرا گول کر کے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ اسپین شکست کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے کیلئے رسائی میں کامیاب ہوا جبکہ کروشیا گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے براہ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں اسپین کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔
٭  گروپ ڈی کے دوسرے میچ میں ترکی نے جمہوریہ چیک کو 0-2 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو بحال رکھا۔ میچ کے پہلے ہاف کے 10 ویں منٹ میں یلزمین نے گول کرکے ترکی کو برتری دلائی جو دوسرے ہاف کے 65 ویں منٹ میں دوگنی ہوئی اور فتح یقینی بن گئی۔ تاہم ترکی کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کا حتمی فیصلہ گروپ مرحلے کے مقابلوں کے اختتام پر ہوگا۔
٭  گروپ سی میچ میں پولینڈ نے یوکرین کو 0-1 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کرلی اور شکست خوردہ ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ میچ کے 54 ویں منٹ میں کاوسکی نے پولینڈ کیلئے اہم گول کیا۔

TOPPOPULARRECENT