Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو کپ : گروپ سی میں جرمنی اور پولینڈ کی فتح

یورو کپ : گروپ سی میں جرمنی اور پولینڈ کی فتح

پیرس ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں جاری یورو فٹبال چمپئن شپ 2016ء کے گروپ سی میں اتوار کے میچوں میں جرمنی اور پولینڈ کی ٹیمیں فتح یاب ہوئی ہیں۔ شمالی آئرلینڈ اور پولینڈ کے درمیان میچ فرانسیسی شہر نیس کے فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ کے آغاز سے ہی پولینڈ نے شمالی آئر لینڈ کے مقابلے میں نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن شمالی آئرلینڈ کے بہترین دفاع کی وجہ سے پولینڈ کی ٹیم گول کرنے میں کامیابی نہیں ہو سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 0-0 سے برابر تھا۔ تاہم دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں کھیل کے 51ویں منٹ میں آرکدیوس مِلِک نے گول کر کے پولینڈ کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ نے یورو مقابلوں میں اپنا افتتاحی میچ جیتا ہے۔ گروپ سی کے دیگر میچ میں ورلڈ چمپینس جرمنی نے یوکرین کو 2-0 سے شکست دی۔ جرمن ٹیم نے اس میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ جرمن ٹیم کیلئے پہلا گول میچ کے 19ویں منٹ میں شکودران مصطفی نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا اور ایک گول کی یہ برتری مقررہ وقت کے اختتام تک برقرار رہی۔ انجری ٹائم میں شوائنسٹائیگر نے جرمنی کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ جرمنی جمعرات کو پیرس میں پولینڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلے گا جبکہ اسی دن لیون میں یوکرین کا مقابلہ شمالی آئرلینڈ سے ہو گا۔ دن کا ایک اور مقابلہ گروپ ڈی میں کروشیا اور ترکی کے درمیان ہوا۔ اسٹار کھلاڑی موڈرک نے 41 ویں منٹ میں گول کر کے کروشیا کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

TOPPOPULARRECENT