Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / یورو کپ 2016ء کا کل آغاز، باوقار مقابلوں کی تاریخ میں جرمنی، اسپین غالب

یورو کپ 2016ء کا کل آغاز، باوقار مقابلوں کی تاریخ میں جرمنی، اسپین غالب

لندن ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) پندرہویں یورو فٹبال چمپئن شپ جمعہ 10 جون کو فرانس میں شروع ہو رہی ہے۔ یورپی ممالک کیلئے مخصوص ان مقابلوں میں 24 ٹیمیں مسابقتی میدان میں ہیں جنھیں چھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسپین کی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے میدان میں سنبھالے گی۔ یورو فٹبال مقابلوں میں اب تک کھیلے گئے 14 ٹورنمنٹس میں سب سے زیادہ کامیابی جرمنی اور اسپین کے حصے میں آئی ہے اور دونوں ٹیموں نے تین، تین مرتبہ یہ باوقار براعظمی مقابلے جیتے ہیں۔ اس کے بعد موجودہ ٹورنمنٹ کے میزبان فرانس کا نمبر آتا ہے جو دو بار یورو کا فاتح رہ چکا ہے۔ اُن کے علاوہ سویت یونین، اٹلی، چیکوسلواکیہ، نیدر لینڈز، ڈنمارک اور یونان نے ایک، ایک بار یہ ٹورنمنٹ جیتا ہے۔
یورو  2016ء کے گروپ
گروپ اے    گروپ بی    گروپ سی    گروپ ڈی    گروپ ای    گروپ ایف
البانیہ    انگلینڈ    جرمنی    کروشیا        بلجیم       آسٹریا
فرانس    روس    شمالی آئرلینڈ    جمہوریہ چیک        اٹلی       ہنگری
رومانیہ    سلوواکیہ    پولینڈ    اسپین      آئرلینڈ      آئس لینڈ
سوئزر لینڈ    ویلز    یوکرین    ترکی      سویڈن       پرتگال
ماضی کے فاتحین
سنہ 1960، سویت یونین : فرانس میں منعقدہ پہلی یورو فٹبال چمپئن شپ کے فائنل میں اس وقت کی سوویت یونین کی ٹیم نے یوگو سلاویہ کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
سنہ 1964، اسپین : اسپین میں منعقدہ دوسری یورو کپ فٹبال چمپئن شپ کو میزبان ملک نے جیتا۔ یورو مقابلوں کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چمپئن شپ کو جیتا۔ اسپین نے فائنل میں دفاعی چمپئن سوویت یونین کی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1968، اٹلی : تیسری یورو فٹبال چمپئن شپ منعقدہ اٹلی میں ایک بار پھر فتح کا تاج میزبان ملک کے سر رہا۔ یورو کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب میزبان ملک نے اس چمپئن شپ کو جیتا۔ اٹلی نے فائنل میں یوگوسلاویہ کو 2-0 سے ہرایا۔

سنہ 1972، مغربی جرمنی : بلجیم میں منعقدہ چوتھی یورو چمپئن شپ کے فائنل میں مغربی جرمنی نے سویت یونین کو 3-0 کے اسکور سے ہرایا اور پہلی بار اس ٹورنمنٹ کو جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1976، چیکو سلواکیہ : یوگوسلاویہ میں منعقدہ پانچویں یورو فٹبال چمپئن شپ کے فائنل میں پہلی مرتبہ فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں چیکوسلواکیہ نے 5-3 سے فتح حاصل کی ۔
سنہ 1980، مغربی جرمنی : اٹلی میں چھٹے یورو مقابلوں میں مغربی جرمنی کی ٹیم لگاتار تیسری بار فائنل میں پہنچی اور بلجیم کو 2-1 سے شکست دے کر دوسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1984، فرانس: فرانس میں منعقدہ ساتویں یورو چمپئن شپ کے فائنل میں میزبانوں نے اسپین کو 2-0 سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1988، نیدر لینڈز : اس وقت کے مغربی جرمنی میں کھیلی گئی آٹھویں یورو چمپئن شپ کے فائنل میں نیدرلینڈز کی ٹیم نئے فاتح کے طور پر سامنے آئی۔ نیدرلینڈز نے 1972 کے بعد پہلی بار فائنل میں پہنچنے والی سوویت یونین کی ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1992، ڈنمارک: سویڈن میں نویں ٹورنمنٹ کے فائنل میں ڈنمارک نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی اور پہلی بار یورو چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 1996، جرمنی: انگلینڈ میں دسویں یورو فٹبال چمپئن شپ میں جرمنی نے جمہوریہ چیک کو 2-1 سے ہرا کر مجموعی طور پر تیسری بار یورو کا فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ 2000، فرانس : بلجیم اور نیدرلینڈ میں منعقد ہونے والی 11ویں یورو چمپئن شپ کے فائنل میں فتح فرانس کے حصے میں آئی جس نے اٹلی کو 2-1 سے ہرا کر دوسری بار یہ ٹورنمنٹ جیتا۔
سنہ 2004، یونان : 12 ویں یورو مقابلے پرتگال میں کھیلے گئے جس کے فائنل میں یونان نے میزبانوں کو 1-0 سے شکست دے کر پہلی بار یورو چمپئن شپ کا فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سنہ2008، اسپین: آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ میں کھیلی گئی 13 ویں یورو مقابلوں کے فائنل میں اسپین نے جرمنی کو 1-0 سے شکست دے کر ٹورنمنٹ کی تاریخ میں دوسری بار فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔
سنہ 2012، اسپین : پولینڈ اور یوکرین میں مشترکہ طور پر منعقدہ 14 ویں یورو فٹبال چمپئن شپ میں اسپین نے یکطرفہ مقابلے کے بعد اٹلی کو 4-0 سے شکست دی اور مسلسل دوسری بار جبکہ مجموعی طور پر تیسری بار یہ اعزاز اپنے نام کیا۔  (بہ شکریہ :  بی بی سی اردو ڈاٹ کام)

TOPPOPULARRECENT