Saturday , September 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / یوسف پٹھان کی پابندی کے باوجود آئی پی ایل میں شرکت

یوسف پٹھان کی پابندی کے باوجود آئی پی ایل میں شرکت

نئی دہلی۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ آل راؤنڈر یوسف پٹھان پر ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی کی وجہ سے عائد کی جانے والی 5 ماہ کی پابندی کے باوجود وہ آئی پی ایل 2018ء میں شرکت کریں گے کیونکہ بی سی سی آئی کی جانب سے پٹھان پر جو پانچ ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے، اس کا اطلاق 15 اگست سے ہی ہوچکا ہے اور 14 جنوری کو یہ پابندی ختم ہوجائے گی جس کی وجہ سے بنگلورو میں رواں ماہ کے اواخر میں منعقد شدنی کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے وہ دستیاب رہیں گے۔ یوسف پٹھان کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کھلاڑی تھے، لیکن اس مرتبہ کے کے آر نے انہیں اپنی ٹیم میں برقرار نہیں رکھا ہے جس کی وجہ سے 26 اور 27 جنوری کو بنگلورو میں کھلاڑیوں کی آئی پی ایل نیلامی میں پٹھان دستیاب رہیں گے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں 2017ء کے دوران ایک گھریلو مقابلے کے دوران پٹھان کا ڈوپ ٹسٹ مثبت آیا تھا کیونکہ واڈا کی فہرست میں جو ادویات ممنوع ہیں ، ان میں ایک دوا بروزیٹ کا انہوں نے استعمال کیا تھا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹھان کو بی سی سی آئی کی اینٹی ڈوپنگ قواعد کے دفعہ 2.1 کے تحت قصور وار پایا گیا۔ پٹھان کے قارورہ کے نمونے میں یہ دوا پائی گئی۔ جبکہ ان کا نمونہ 16 مارچ کو نئی دہلی میں لیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT