Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم آزادی کے موقع پر اقلیتوں کے مسائل پر حکومت کی خصوصی توجہ

یوم آزادی کے موقع پر اقلیتوں کے مسائل پر حکومت کی خصوصی توجہ

مختلف اسکیمات کی تفصیلات روانہ کرنے محکمہ اقلیتی بہبود کو چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔/12اگسٹ ، ( سیاست نیوز) یوم آزادی کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خطاب میں اقلیتوں کے مسائل کو پیش کرنے کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود سے اسکیمات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت دی گئی کہ وہ محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ اور اسکیمات کی تفصیلات روانہ کریں تاکہ انہیں چیف منسٹر کی تقریر میں شامل کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ 15اگسٹ کے موقع پر اپنے خطاب میں اقلیتوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کے خطاب میں شمولیت کیلئے جن اسکیمات کی تفصیلات روانہ کی ہیں ان میں بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے اسکالر شپ، شادی مبارک، پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اسکالر شپ، فیس بازادائیگی اور مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے کمیشن آف انکوائری کا قیام شامل ہے۔ عہدیداروں نے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلات بھی چیف منسٹر کے دفتر کو روانہ کردی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر اپنے خطاب میں کمزور طبقات، اقلیتوں، خواتین اور نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق اُمور پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ نوجوانوں میں روزگار کے حصول کے سلسلہ میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر پہلے مرحلہ میں 15000 جائیدادوں پر تقررات کو اپنے خطاب میں شامل کریں گے۔ حکومت نے ایک لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے یہ تقررات مرحلہ وار طور پر عمل میں آئیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کی تقریر اہمیت کی حامل رہے گی۔ تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات کے علاوہ مشن کاکتیہ اور گرام جیوتی اسکیمات کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT