Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم اقلیتی بہبود پروگراموں پر 12 فیصد تحفظات کی تحریک اثر انداز

یوم اقلیتی بہبود پروگراموں پر 12 فیصد تحفظات کی تحریک اثر انداز

ٹال مٹول کے بجائے فوری بی سی کمیشن قائم کرنے حکومت سے مطالبہ، ڈپٹی چیف منسٹر ، کلکٹر، میئر اور دیگر عہدیداروں کو یادداشت
حیدرآباد۔ 11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کی مہم کا اثر آج یوم اقلیتی بہبود کی تقریب میں دیکھنے کو ملا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی جو تقریب میں شرکت کیلئے ایک گھنٹہ تاخیر سے رویندرا بھارتی پہنچے، انہیں تحفظات کے حامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ جیسے ہی تقریب میں شرکت کیلئے آگے بڑھے، مسلم تحفظات کے حامی چند افراد نے انہیں ایک میمورنڈم حوالے کیا جو روزنامہ سیاست کی جانب سے شائع کیا گیا ہے۔ ریاست کے تمام عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مسلم تحفظات کے حق میں مہم دن بہ دن شدت اختیار کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو جیسے ہی تحفظات کے حق میں یادداشت حوالے کی گئی ، انہوں نے حکومت کے وعدہ کو دہرایا اور کہا کہ تحفظات کی فراہمی میں حکومت سنجیدہ ہے۔ ان کے ساتھ موجود مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ، دیگر عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیدار تحفظات کے حامیوں کی موجودگی پر حیرت میں پڑگئے ۔ وہ آپس میں باہم تحفظات کے مسئلہ پر بات چیت کرنے لگے۔اس دوران تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کیلئے نمائندگی کا سلسلہ جاری رہا۔ روز نامہ سیاست کی جاری اس تحریک کے ضمن میں آج نظام آباد میں مائناریٹی سب پلان 12فیصد تحفظات ایکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر کمیٹی نے نظام آباد میں نیو امبیڈکر بھون پر دھرنا منظم کیا اور ضلع کلکٹر یوگیتا رانا ، صدر نشین ضلع پریشد دفعدار راجو اور میئر آکولہ سجاتا کو یادداشت پیش کی۔ ضلع نلگنڈہ میں سی پی ایم بلدی فلور لیڈر محمد سلیم نے کہا کہ ٹی آر ایس نے مسلمانوں سے جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہ کیا جائے تو پھر تلنگانہ میں بہار جیسے حالات پیش آئیں گے۔ضلع عادل آباد میں مسجد گلزار میں ائمہ اور مذہبی شخصیتوں کا ایک اجلاس امام و خطیب مولانا اکبر حسامی کی زیرصدارت منعقد ہوا، اس موقع پر کہا گیا ہے کہ مسلم تحفظات کی تحریک میں علمائے کرام کو پیش پیش رہنا چاہیئے۔ اس موقع پر روز نامہ سیاست کی شروع کی گئی اس تحریک کو کامیاب قرار دیتے ہوئے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ سے اظہار تشکر کیا گیا۔ اسی طرح ظہیرآباد میں ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن ظہیرآباد یونٹ کے وفد نے تحصیلدار مسٹر آر دسرتھ سنگھ کو ایک یادداشت پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT