Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم انضمام پر جی نرنجن کے بیان پر مسلم قائدین کا اعتراض

یوم انضمام پر جی نرنجن کے بیان پر مسلم قائدین کا اعتراض

کانگریس قائدین سے مشاورت: صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد /27 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے یوم انضمام سے متعلق ترجمان کانگریس جی نرنجن کے بیان پر لاعلمی کا اظہار کیا۔ آج گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے دوران جب ان سے پارٹی ترجمان کے بیان کے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے اپنی لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس و آفس انچارج کمار راؤ کو طلب کرکے جی نرنجن کی پریس کانفرنس کے بارے میں استفسار کیا۔ اس دوران جب مسٹر کمار نے گاندھی بھون میں جی نرنجن کی پریس کانفرنس کی تصدیق کی، تو اتم کمار ریڈی نے ان کے علم میں لائے بغیر پریس کانفرنس کرنے کی وجہ دریافت کی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر سال پارٹی کی طرف سے 17 ستمبر کو گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا جاتا ہے۔ اسی دوران ایک شخص نے اپنے اسمارٹ فون پر چیف منسٹر تلنگانہ کی ویڈیو کلپ دکھائی، جس میں کے سی آر نے روشیا سے یوم انضمام (17 ستمبر) کو سرکاری تقریب کے طورپر منانے کا مطالبہ کیا تھا۔ دریں اثناء اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ آج انھیں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے ٹیلیفون پر جی نرنجن کے بیان سے واقف کروایا۔ انھوں نے کہا کہ محمد علی شبیر کی صحت ٹھیک نہیں ہے، وہ ان سے شخصی طورپر ملاقات کرکے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے اور ساتھ ہی کانگریس کے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس مسئلہ پر غور کرتے ہوئے پارٹی کے موقف کا اعلان کریں گے۔ اسی دوران کانگریس کے مسلم قائدین نے جی نرنجن کے بیان پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی مسلمانوں کو قریب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جب کہ نرنجن جیسے لوگ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاکر کانگریس اور مسلمانوں میں دُوری بڑھا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT