یوم آزادی پرلندن میں کشمیریوں اورسکھوں کا مظاہرہ

لندن ۔ 16 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر برطانوی کشمیریوں اور سکھوں نے بھی یوم سیاہ منایا۔ اس سلسلے میں برطانیہ کے مختلف شہروں میں احتجاجی تقاریب منعقد کی گئیں جبکہ لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے باہر کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی، کونسل آف خالصتان اور یونائیٹڈ خالصہ دل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مظاہرین نے ہندوستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں ہندوستانی حکومت اور فوج کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے طویل عرصے سے کشمیریوں اور سکھوں کے حق خودارادیت کو غصب کیا ہوا ہے اور مسلسل مقبوضہ کشمیر اور ہندوستانی پنجاب سمیت ان علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جن میں تحریکیں چل رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کی بے پناہ خلاف ورزیوں کی وجہ سے کشمیری اور سکھ ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے پر مجبور ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT