Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم تاسیس تلنگانہ پر بین مذہبی دعائیہ اجتماعات

یوم تاسیس تلنگانہ پر بین مذہبی دعائیہ اجتماعات

مکہ مسجد میں صلواۃ الحاجت ، گردوارہ و گرجا گھروں میں دعائیں ، بلڈ ڈونیشن کیمپ
حیدرآباد۔/2جون، (سیاست نیوز) تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے عبادت گاہوں میں ریاست اور عوام کی بھلائی و ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ تقاریب کا آغاز ہوا۔ تاریخی مکہ مسجد، گردوارہ صاحب امیر پیٹ اور سی ایس آئی چرچ سکندرآباد میں مذہبی شخصیتوں کی جانب سے خصوصی عبادت اور دعاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے گئے۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی امام و خطیب نے صلوٰۃ الحاجت کی امامت کی اور ریاست میں باران رحمت، امن وامان، ترقی، خوشحالی، عوام کی بھلائی اور حکومت کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد محمد عبدالقدیر صدیقی نے نماز اور دعا میں شرکت کی۔ صبح 10:15 بجے نماز ادا کی گئی۔ ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین اور کارکن بھی دعا میں شریک رہے۔ مکہ مسجد لائبریری میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا جس میں کئی افراد نے اپنے خون کا عطیہ دیا۔ یہ خون تھلسیمیا کے مریضوں کو دیا جائے گا۔ گردوارہ اور گرجا گھر میں دونوں مذاہب کی اہم شخصیتوں نے شرکت کرتے ہوئے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب پر عوام کو مبارکباد دی اور ریاست کی ترقی کیلئے دعا کا اہتمام کیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے دوپہر میں انیس الغرباء کے بچوں کیلئے لنچ کا اہتمام کیا گیا

اور بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اسسٹنٹ سکریٹری وقف بورڈ احمد محی الدین نے اس پروگرام کی نگرانی کی۔ صبح 9 بجے حج ہاوز نامپلی میں قومی پرچم لہرایا گیا اور تمام اقلیتی اداروں کے ملازمین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ پرچم کشائی کی اس تقریب میں سکریٹری اقلیتی بہبود کے علاوہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن شفیع اللہ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عہدیداروں نے حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے ریاستی حکومت کئی اقدامات کررہی ہے۔ عہدیداروں نے ریاست میں امن وامان و خوشحالی کیلئے حکومت سے تعاون کرنے عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کی طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے اور حکومت نے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ یوم تاسیس کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور کامیابیوں پر مشتمل تصویری نمائش کا اردو مسکن اور انڈور اسٹیڈیم فتح میدان میں اہتمام کیا گیا تھا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور وہ تمام اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے عمل کی جارہی تمام اسکیمات سے عوام کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے عہدیداروں سے بھی خواہش کی کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری میں مکمل شفافیت کا مظاہرہ کریں۔ سکریٹری کے مطابق حکومت نے گذشتہ دو برسوں میں اقلیتوں کیلئے کئی نئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT