Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم تاسیس تلنگانہ کیلئے 2جون کو شاندار جشن

یوم تاسیس تلنگانہ کیلئے 2جون کو شاندار جشن

دیہی علاقوں سے حیدرآباد تک مختلف پروگراموں کے انعقاد کی تیاریاں
حیدرآباد۔ 18۔ مئی  ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر 2 جون کو ریاست بھر میں جشن تلنگانہ شاندار پیمانہ پر منایا جائے گا اور گاؤں سے لیکر حیدرآباد تک حکومت نے صبح سے رات دیر گئے تک جشن کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ جشن تلنگانہ کے ضمن میں آج کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی ، کے ٹی راما راؤ ، ای راجندر ، جوپلی کرشنا راؤ ، چندو لال کے علاوہ چیف سکریٹری راجیو شرما اور حکومت کے مشیر برائے تہذیبی امور رمنا چاری نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو مدعو کیا گیا تھا ۔ یوم تاسیس کے سلسلہ میں مختلف پروگراموں کو قطعیت دی گئی اور تمام پروگرام ایک ہی دن یعنی 2 جون کو منعقد ہوں گے ۔ مختلف جماعتوں کے ساتھ اردو زبان میں بھی تین پروگرامسمنعقد کئے جائیں گے، جن میں کل ہند مشاعرہ ، شام غزل اور قوالی کا  پروگرام شامل رہے گا۔ ایک دن میں تین مختلف مقامات پر  یہ پروگرام منعقد ہوں گے اور محکمہ اقلیتی بہبود ان پروگراموں کا اہتمام کرے گا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ یوم تاسیس کے موقع پر تمام مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں میں تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ ریاستی سطح پر 50 اور ہر ضلع میں 25 نامور شخصیتوں کو ایوارڈس دیئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے تمام اسٹار ہوٹلوں کو ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ یوم تاسیس کے دن صرف تلنگانہ کے پکوان تیار کریں اور ڈسکاؤنٹ پر یہ پکوان اپنے گاہکوں کو سربراہ کریں۔ سنجیویا پارک کے قریب تلنگانہ کے پکوان کے خصوصی اسٹالس لگائے جائیں گے۔ تیاری کمیٹی نے کہا کہ 2 جون کو صبح سے شام تک ریاست بھر میں جشن کا ماحول ہونا چاہئے۔ نئی دہلی میں بھی مختلف پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہونے والی اہم تقریب میں ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر کے سی آر شرکت کریں گے۔ ہر میونسپالٹی میں 50 کیلو مٹھائی عوام میں تقسیم کی جائے گی۔ مریضوں میں پھل تقسیم ہوں گے اور فون کے عطیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ تمام تاریخی عمارتوں کو سجانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شام ہوتے ہی ہر عمار بقعہ نور دکھائی دے گی۔ اولڈ ایج ہوم اور یتیم خانوں میں کھانے کا انتظام کیا جائے گا ۔ ٹینک بنڈ پر آتش بازی کا منفرد مظاہرہ ہوگا۔ چیف منسٹر سنجیویا پارک سے طویل قامت قومی پرچم لہرائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT