Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / یوم تاسیس نہایت ہی دھوم سے منانے کے احکامات

یوم تاسیس نہایت ہی دھوم سے منانے کے احکامات

چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/20 مئی، ( سیاست نیوز)  چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے 2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے ریاست بھر میں انعقاد کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ یوم تاسیس کے موقع پر مختلف زبانوں کے تہذیبی پروگرام منعقد کئے جائیں اور یہ پروگرام مواضعات اور منڈل سے لے کر ضلع ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوں۔ ریاستی سطح کے پروگرامس حیدرآباد میں منعقد ہوں گے جن میں تلگو کے علاوہ اردو کے 3 پروگراموں کو قطعیت دی گئی ہے۔ کل ہند مشاعرہ، شام غزل اور محفل قوالی حیدرآباد میں منعقد ہوگی جس کے لئے مقامات کا تعین کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ تاریخی عمارتوں، سرکاری دفاتر اور دیگر اہم مقامات کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے۔ ہر ضلع میں 2 جون کی صبح سے شام تک جشن کا ماحول دکھائی دینا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تہذیبی پروگراموں کے انعقاد کیلئے ہر ضلع کو 30لاکھ روپئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 25شخصیتوں کو ہر ضلع میں یوم تاسیس ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ ضلع میں ایوارڈس کے تحت 51ہزار 116 روپئے دیئے جائیں گے جبکہ حیدرآباد میں ایک لاکھ ایک ہزار 116 روپئے پر مشتمل ایوارڈ دیا جائے گا۔ کلچرل ڈپارٹمنٹ نے تہذیبی پروگراموں کیلئے ایک کروڑ 85لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ تہذیبی پروگراموں کی تفصیلات محکمہ تہذیبی اُمور کو روانہ کریں تاکہ 26جون منعقد ہونے والے کابینی اجلاس میں پروگراموں کو منظوری دی جاسکے۔ حکومت نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کی قیادت میں یوم تاسیس پروگراموں کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ریاستی وزراء ای راجندر، کے ٹی راما راؤ، جوپلی کرشنا راؤ اور اے چندو لال شامل ہیں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ دیگر محکمہ جات کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ ضلع واری سطح پر پروگراموں کو قطعیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کابینی سب کمیٹی ریاستی سطح کے اور اضلاع کے پروگراموں کا جائزہ لے گی۔ حیدرآباد میں مختلف محکمہ جات کی جانب سے پروگرامس منعقد کئے جائیں گے جن کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر یوم تاسیس کی اصل تقریب منعقد ہوگی جس میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شرکت کریں گے۔ شہیدان تلنگانہ کی یادگار کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT