Saturday , November 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / یوم ٹیپو شہیدؒ منانے کے اعلان کا خیرمقدم

یوم ٹیپو شہیدؒ منانے کے اعلان کا خیرمقدم

گلبرگہ29؍اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ): ریاستی حکومت نے مسلمانوں اور دیگر ترقی پسند اداروں کے ایک دیرینہ خواب کو حقیقت میں روبہ عمل لاتے ہوئے شیر میسور حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کے یوم پیدائش10نومبر کو سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ،جو لائق تحسین و مبارکباد ہے ۔ اس خیال کا اظہار محمد معراج الدین کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے کیا ہے، وہ آج ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی ۔ اُنہوں نے مزید کہا ہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں یوم ٹیپو سلطان شہید ؒ منانے کے لئے تمام سماجی ،ملی تنظیمیں اورتعلیمی ادارے ایک اسٹیج پر آکر اجتماعی طور پر مناتے ہوئے ایک مثال قائم کرسکتے ہیں ۔ اجتماعی طور پر منانے سے عوام میں بھی جشن کا زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ محمد معراج الدین نے مزید کہا ہے کہ ایک مرکزی جلسہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک کی سطح پر گلبرگہ میں منعقد کیا جائے اور پھرعلاقہ حیدرآباد کرناٹک کے دیگر اضلاع میں سمینار ، کوئز، سمپوزیم وغیرہ کا انعقاد کیا جاسکتا ہے ، جس سے پورے علاقہ حیدرآباد کرناٹک کو یوم ٹیپو منانے کی نمائندگی مل سکتی ہے ۔ کنوینر حیدرآباد کرناٹک ڈیولپمنٹ فورم نے مزید کہا ہے کہ اگر ان کی اس تجویز کو سماجی ،ملی تنظیمیں اورتعلیمی ادارے بہتر اور ممکن سمجھتے ہیں تو اس تعلق سے مشاورت کی جاسکتی ہے ، اُنہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ یوم ٹیپو کو منانے کے لئے پورے علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے بلا تفریق مہمانوں کو مدعو کیا جائیگا جس میں سیاسی ، سماجی ، ملی تنظیمیں شامل ہوں گی۔ محمد معراج الدین نے خصوصا مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اصلاف کے کارناموں کو اپنی آئندہ نسل تک پہچائیں جس سے آئندہ نسلیں بھی ہمارے ان مجاہدوں کو اپنا ہیرو بنا سکیں ۔ محمد معراج الدین نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ سالوں میں سرکاری سطح پرحضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کی خدمات کو نئی نسل تک پہنچانے کے لئے سمینار، کوئز اور سمپوزیم منعقد کرنے اور بجٹ میں مختص رقم ایک ضلع کو 50ہزار کے بجائے کم از کم 2لاکھ روپئے کرنے پر زور دیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT