Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / یونانی طریقہ علاج قدیم ترین، بیشتر ممالک میں طبی خدمات کا اعزاز

یونانی طریقہ علاج قدیم ترین، بیشتر ممالک میں طبی خدمات کا اعزاز

یونانی میڈیسن کنونشن، ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، پدم شری حکیم سید ظل الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 اگست (دکن نیوز) ڈاکٹر محمد اسلم پرویز وائس چانسلر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن اور سیرت رسول کریم ؐ اور اسلاف کی تاریخ کا بغور مطالعہ  کریں، جس کے ذریعہ ہم اپنے ذہن و فکر کو تبدیل کرتے ہوئے صحت جسمانی کے ساتھ اپنی سوچ کو مثبت بنا سکتے ہیں۔ یونانی طریقہ علاج جو صدیوں قدیم علاج ہے اس کے ذریعہ اس نے دنیا کے بیشتر ممالک میں طب کے میدان میں بڑی خدمت کی ہے۔ قرآن جو اللہ کی کتاب ہے وہ کامل شفاء ہے۔ اس کو پڑھنا، دیکھنا اور چومنا  بھی عبادت ہے۔ وہ آج آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس شاخ تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ قومی کنونشن برائے یونانی میڈیسن سے کیا۔ یہ کنونشن سنٹرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ یونانی میڈیسن ایرہ گڈہ میں منعقد ہوا۔ پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن صدر ابن سینا اکیڈیمی علیگڑھ کورٹ ممبر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نے صدارت کی جس میں طلباء، ڈاکٹر، حکماء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر سید اسد باشاہ نے خیرمقدم کیا۔ پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں حیدرآباد شہر کو طب کے میدان میں بڑا فروغ حاصل ہوا اور یہاں 1920 میں نظامیہ طبیہ کالج کا قیام عمل میں آیا جبکہ بغداد میں یونانی کی بڑی عزت تھی اور ساتھ ساتھ دہلی، لکھنؤ اور حیدرآباد میں اسی طرز علاج کو لوگ اپناکر شفایاب ہوا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا طب کے میدان میں جو فروغ حاصل ہورہا ہے، اس میں آل انڈیا طبی کانفرنس کے ذمہ  داروں و اراکین کو مبارکباد دی اور کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اس طریقہ علاج کو بڑی فوقیت حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے علاوہ اس یونانی علاج نے پاکستان، بنگلہ دیش میں اپنی کمندیں ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونانی نظام کو اس بات کا مقام حاصل ہے کہ اس کے ذریعہ سے پوری دنیا نے فائدہ اٹھایا ہے اور اٹھاتی رہے گی۔ میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر یونانی تلنگانہ نے کہا کہ تلنگانہ میں یونانی طرز علاج اپنی جڑوں کو مضبوط کرچکا ہے جہاں طبیہ کالج کا قیام، پی جی سنٹر اور ریسرچ سنٹر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ علاج میں فارمیسی کورس کا آغاز ہوا اور اس کورس میں طلباء نے داخلہ لے کر کامیابی بھی حاصل کی لیکن اس کورس کو بند کردیا۔ اگر دوبارہ حکومت اس کورس کا آغاز کرے تو اس میں طلباء اپنے مستقبل کو درخشاں بنا سکتے ہیں اور مرکزی حکومت سے اس بات کی امید ہیکہ وہ اس کورس کے ذریعہ مستقبل میں طلباء کو بہت سارے سہولیات مہیا کریں گی۔ ڈاکٹر محمد خالد صدیقی سکریٹری جنرل آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس نے کہا کہ حیدرآباد شہر کو اس بات کا فروغ حاصل ہے کہ یہاں یونانی میں بہت سارا تحقیقی کام ہوا۔ ڈاکٹر سید اسد پاشاہ چیرمین آرگنائزنگ کمیٹی نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر حکیم سید غوث الدین، ڈاکٹر خواجہ بدرالدین صدیقی کوچیرمین، ڈاکٹر کے پی انصاری آرگنائزنگ سکریٹری، ڈاکٹر و حکیم ابوالحسن اشرف، ڈاکٹر رحمن خان و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر مقبول احمد کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ احسن علی احتشام نے بارگاہ نبوی ؐ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ خواجہ بدرالدین صدیقی نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT