Tuesday , November 21 2017
Home / دنیا / یونانی پارلیمنٹ میں ٹیکس اور پنشن اصلاحات منظور

یونانی پارلیمنٹ میں ٹیکس اور پنشن اصلاحات منظور

ایتھنز ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یونان کی پارلیمان نے پیر کو یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اہم اجلاس سے قبل ٹیکس اور پینشن کے متنازعہ اصلاحاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ اس اصلاحاتی پیکچ کی منظوری سے یونان کو مزید عالمی امداد کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی۔ قرض خواہوں کے ساتھ مزید اصلاحات کی ضرورت پر ہونے والے تنازعہ کے بعد یونان پانچ ارب یورو کی قسط حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔ اس پیکج کی منظوری کے موقع پر دارالحکومت ایتھنز میں پارلیمان کے باہر مشتعل ہجوم نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ یونان کے وزیرِ اعظم الیکسس سپراس کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد ایک ’ٹھوس نظام‘ کا قیام ہے جس کا بنیادی مقصد سماجی سطح پر انصاف ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے نتیجے میں صرف ساڑھے سات فیصد پینشنر ایسے ہوں گے جنھیں ملنے والی رقم میں کمی آئے گی۔ ان اقدامات میں بعض پینشن کی ادائیگیوں میں کمی، کئی پینشن فنڈز کو ضم کرنا، سوشل سکیورٹی کے حصے میں اضافہ اور زیادہ یا درمیانی آمدنی والوں کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ شامل ہیں۔ گذشتہ سال یونان انتہائی سخت شرائط کے ساتھ 86 ارب یورو کے نئے قرض کے معاہدے کے لیے تیار ہو گیا تھا۔ عالمی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف اور دیگر یورپی ممالک یونان سے مزید خرچ میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ وہ چار ارب یوروز کی اضافی بچت کر سکے۔

TOPPOPULARRECENT