Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس خان کے اعزاز میں لارڈز میں تقریب

یونس خان کے اعزاز میں لارڈز میں تقریب

لندن ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی لیجنڈکرکٹر یونس خان کے اعزاز میں کرکٹ کے گھر کہلانے والے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مایہ ناز بیٹسمین کی کرکٹ کے لئے خدمات کو سراہا گیا۔ریکارڈ ساز پاکستانی بیٹسمین کے اعزاز میں یہ تقریب لارڈز کے ’دی لانگ روم‘ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی شریک تھے۔تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ سید ابن عباس، وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی، سابق ٹسٹ کرکٹرز اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے مہمان خصوصی ابن عباس تھے جنہوں نے کہا کہ یونس خان نوجوانوں کے لئے قابل تقلید شخصیت ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونس خان نے اپنے 17 سالہ کیریئر کا ویسٹ انڈیز کو اس کی اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخی اختتام کیا جس پر میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ ’34 سنچریوں کی مدد سے 10 ہزار ٹسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز اور ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی قیادت کرکے انہوں نے تاریخ رقم کی اور ہمارا کا سر فخر سے بلند کیا۔یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ یونس خان جیسے کھلاڑی کے ساتھ کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔اس موقع پر ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یونس خان اس تمام عزت و وقار کے حقدار ہیں، میں گزشتہ چند برسوں سے ان کے ساتھ کھیل رہا ہوں اور میں نے انہیں ہمیشہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے بھرپور پایا۔وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے تقریب میں خاص طور پر یونس خان کی اس اننگز کا تذکرہ کیا جو انہوں نے گزشتہ برس اوول کے میدان میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی تھی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف 2016 میں کھیلے گئے آخری ٹسٹ میچ میں پاکستان پر دباؤ تھا لیکن یونس خان نے 218 رنز کی اننگز کھیل کر سیریز برابر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔اس موقع پر خود یونس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آپ تمام لوگوں کو مشکور ہوں اور اس بات کے لئے پرعزم ہوں کہ آنے والے دنوں میں بھی پاکستان کرکٹ کی خدمت کرتا رہوں گا۔

TOPPOPULARRECENT