Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس خان 10ہزار ٹسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی

یونس خان 10ہزار ٹسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی

جمائیکا ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے  ٹسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، جس کے ساتھ ہی وہ ٹسٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی  اور دنیا کے 13ویں کرکٹر بن گئے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹسٹ میں یونس خان نے چوکا لگا کر 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔10 ہزار رنز کا ریکارڈ بنانے کے بعد یونس خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اسے پورے پاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے مداحوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔ریکارڈ ساز بیٹسمین  نے اپنے پیغام میں کامیابی کا سہرا والدین اور افراد خاندان کو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ آنجہانی باب وولمر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے پہلے 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز ہندوستان کے سنیل گواسکر نے 1987 میں پاکستان کے خلاف احمد آباد ٹسٹ میں بنا کر حاصل کیا تھا۔اس کے بعد سے اب تک ایلن بارڈر، اسٹیو وا، برائن لارا، سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، رکی پونٹنگ، جاک کیلس، مہیلا جے وردھنے، کمار سنگاکارا، شیونارائن چندرپال اور ایلسٹر کک 10 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ ٹسٹ کھیلنے والے ملکوں میں نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کا کوئی کھلاڑی آج تک 10 ہزار نہیں بنا سکا۔یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز کے پہلے میچ سے کیا تھا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔پاکستان کے لئے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنے تابناک مستقبل کا اشارہ دیا تھا۔یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جبکہ انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

TOPPOPULARRECENT