Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس نے ڈبل سنچریوں میں میاندادکا ریکارڈ برابرکردیا

یونس نے ڈبل سنچریوں میں میاندادکا ریکارڈ برابرکردیا

لندن۔ 14اگست (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف اوول ٹسٹ میں اپنی کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری مکمل کرکے جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا۔اوول کے میدان میں پاکستان اور انگلینڈ سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں یونس خان نے سیریز میں پہلی مرتبہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقص فارم پر ہونے والی تنقید کا بھر پور جواب دے دیا۔یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی ڈبل سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے بیٹسمین  ہیں، سابق کپتان جاوید میانداد پہلے کھلاڑی  تھے جنھوں نے کیریئر میں 6 ڈبل سنچریاں بنائی تھیں۔ایشین بریڈمین ظہیرعباس اور محمد یوسف نے پاکستان کی جانب سے فی کس 4 ڈبل سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔یونس خان رواں سیریز کے ابتدائی تینوں میچوں میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے اور پاکستان ٹیم پہلے میچ میں کامیابی کے باوجود سیریز میں 1-2 کے خسارے میں ہے۔38 سالہ یونس خان  نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی ڈبل سنچری معین علی کے خلاف چھکا لگا کر مکمل کی جبکہ ڈبل سنچری کے لئے انھوں نے 29 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

TOPPOPULARRECENT