Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس کا آخری ونڈے : انگلینڈ 216 آل آؤٹ

یونس کا آخری ونڈے : انگلینڈ 216 آل آؤٹ

ابو ظہبی ، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ونڈے انٹرنیشنل میں آج اظہر علی زیرقیادت میزبانوں کو جیت کیلئے 217 کا ٹارگٹ مقرر کیا۔ یہاں شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ڈے؍ نائٹ میچ میں انگلش کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ تاہم ان کا فیصلہ ابتدا میںغلط ثابت ہوا کیونکہ انگلینڈ نے صرف 19 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیئے۔ میچ کی دوسری ہی گیند پر محمد عرفان نے جیسن رائے (0) کو بولڈ کردیا۔ انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے انور علی نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے جو روٹ (0) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جبکہ ایلکس ہیلز (10) بھی انور (2/32) کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے جو آخری او ڈی آئی کھیل رہے ہیں۔ اس کے بعد مورگن اور جیمز ٹیلر نے مشکلات سے دوچار اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 133 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا۔ 146 کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی نے ٹیلر کو ڈراپ کیا لیکن اگلی ہی گیند پر آل راؤنڈر شعیب ملک نے حریف کپتان مورگن کو پویلین لوٹا دیا، جنھوں نے شاندار ہاف سنچری (76) بنائی۔ ابھی انگلینڈ اس نقصان سے سنبھل نہ پایا تھا کہ جوز بٹلر (1) رن آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی فیلڈرز نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیلر (60) اور معین علی (7) کو پویلین واپس بھیجا۔ لوور آرڈر کے کرس ووکس (33) نے اسکور کو 216 تک پہنچایا ۔ محمد عرفان (3/35) سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT