Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / یونس کو پوری ونڈے سیریز کھیلنا چاہئے تھا: کوچ وقار

یونس کو پوری ونڈے سیریز کھیلنا چاہئے تھا: کوچ وقار

کراچی، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ یونس خان کا ونڈے انٹرنیشنل میچز سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک اور ان کیلئے کسی جھٹکے سے کم نہ تھا۔ یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف پوری ونڈے سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انھوں نے پہلا ونڈے کھیل کر ہی اس فارمٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی۔ وقاریونس کا کہنا ہے کہ یونس خان کو پوری سیریز کھیلنا چاہئے تھا لیکن انھوں نے وہی کیا جو انھوں نے سوچا۔ پاکستانی کوچ نے کہا کہ یونس خان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک رہا اور ہم سب کیلئے جھٹکہ تھا۔ تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ یونس خان بہت بڑے بیٹسمین ہیں اور جس طرح وہ کھیلتے آرہے ہیں وہ قابل فخر ہے اور انھیں امید ہے کہ وہ جس طرح کھیل رہے ہیں وہ ٹسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کر لیں گے۔ پاکستانی کوچ جاریہ سیریز کے اگلے میچ کے تعلق سے کہا کہ اُن کے کھلاڑی منگل کو شارجہ میں تیسرے ونڈے میں ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ونڈے کی مایوس کن کارکردگی کی تلافی کردیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے پہلا ونڈے چھ وکٹوں سے جیتا تھا لیکن دوسرے میچ میں اسے 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ وقاریونس کا کہنا ہے کہ دوسرے ونڈے میں پاکستانی ٹیم بہت خراب کھیلی، خاص طور پر بیٹنگ میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ مگر اب کوشش کریں گے کہ تیسرے ونڈے میں ایسا نہ ہو۔ وقاریونس کا کہنا ہے کہ وکٹیں گرنے سے رنز کی رفتار رک جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہئے کیونکہ آج کل کی ونڈے کرکٹ بالکل بدل گئی ہے جس میں رنز کی رفتار نہیں رکتی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT