Tuesday , November 13 2018
Home / شہر کی خبریں / یونیورسٹیز میں 1551 لکچررس تقررات کو منظوری : کڈیم سری ہری

یونیورسٹیز میں 1551 لکچررس تقررات کو منظوری : کڈیم سری ہری

حیدرآباد ۔ 5فبروری ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے یونیورسٹیز میں 1551لکچررس کے تقررات کو منطوری دے دی ہے اور ساتھ ہی یونیورسٹیز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 420 کروڑ روپئے بھی منظور کئے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی میں 3.4کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کی جانے والی اڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یونیورسٹیز کو مستحکم کرنے کئی اصلاحات لائے گئے ۔ یونیورسٹیز لکچررس کی 1551 جائیدادوں پر تقررات کیلئے چیف منسٹر نے منظوری دے دی ہے ۔ سال 2017-18ء کے بجٹ میں ہی یونیورسٹیز کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے 420 کروڑ روپئے منظور کئے گئے جس میں تلگو یونیورسٹی کیلئے 20کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی خانگی انجنیئرنگ اور ڈگری کالجس کی نشستوں کو کنٹرول کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ معیاری تعلیم کی فراہمی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ سابق حکومتوں نے کالجس کی من مانی منظوریاں دی ہیں جس سے تعلیم کا معیار گھٹ گیا ہے ۔ گذشتہ تین سال سے تعلیمی نظام کو مستحکم بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ماضی میں انٹرمیڈیٹ میں 2,20,000 طلبہ زیر تعلیم تھے تو 4,40,000 نشستوں تک ڈگری کالجس کو منظوری دی گئی تھی ۔ ساتھ ہی ایمسیٹ کے ذریعہ ایک لاکھ طلبہ کوالیفائی ہورہے تھے تو 2,60,000 نشستوں تک انجنیئرنگ کالجس کو منظوری دی گئی تھی جس سے تعلیمی معیار بہت زیادہ متاثر ہوگیا تھا ۔ حکومت تلنگانہ نے تعلیم کیلئے جو رہنمایانہ خطوط تیار کئے ہیں اس سے کئی کالجس بند ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ میں زیر تعلیم طلبہ کو دنیاکے کسی بھی مسابقت کیلئے اہل بنانے کا عزم کرچکے ہیں ۔جدوجہد کے ذریعہ حاصل کردہ تلنگانہ میں انسانی وسائل کو فروغ دینے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ میں زیر تعلیم تمام طلبہ کیلئے تلگو پڑھنا ‘ لکھنا یقینی بنانے کیلئے اول تا انٹر تک تلگو کو لازمی مضمون قرار دیا گیا ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال سے اس پر سختی سے عمل آوری کی جائے گی ۔ طلبہ کو تلگو سیکھنے کیلئے آسان اور دلچسپ نصاب تیار کیا جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT