Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / یونیورسٹی آف حیدرآباد کے مختلف کورسیس میں داخلوں کا اعلان،ملک گیر سطح پر انٹرنس ٹسٹ ، پروفیسر اپا راؤ وائس چانسلر کی پریس کانفرنس

یونیورسٹی آف حیدرآباد کے مختلف کورسیس میں داخلوں کا اعلان،ملک گیر سطح پر انٹرنس ٹسٹ ، پروفیسر اپا راؤ وائس چانسلر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔4اپریل(سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں چلائے جانے والے 117 کورسس میں 1945 طلبہ کے داخلوں کے لئے اعلامیہ جاری کیا جا چکا ہے اور 5اپریل تا 5مئی 2018کے دوران حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے ان کورسس میں داخلوں کیلئے خواہشمند آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ پروفیسر اپا راؤ وائس چانسلر حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی نے آج پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کورسس میں داخلوں کیلئے ملک بھر میں 38 امتحانی مراکز پر اہلیتی امتحان منعقد کئے جائیں گے اور ان اہلیتی امتحانات کا انعقاد یکم تا5جون ملک بھر میں عمل میں لایاجائے گا۔ وائس چانسلر حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی نے بتایاکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی نے 6 نئے کورسس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ایم ۔ایس ۔سی اور پی ۔ ایچ ۔ ڈی بائیوکیمیسٹری اور مالیکیولر بائیو لوجی‘ پی۔ ایچ۔ ڈی نانو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘ ایم ۔اے ایجوکیشن‘ پی ۔ایچ ۔ڈی ایجوکیشن‘ پی۔ ایچ۔ڈی ٹرانسلیشن اسٹڈیز‘ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما سنسکرت شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کو یو جی سی کی جانب سے جو رینک حاصل ہوا ہے اس کے مطابق حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ملک کی چنندہ جامعات میں شامل ہوچکی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یونیورسٹی کو حکومت کے نئے تعلیمی منصوبہ کے مطابق عوامی درجہ کا موقف حاصل ہو ۔ پروفیسر اپا راؤ نے بتایا کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں ملک کی تمام 29 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ موجود ہیں اور یونیورسٹی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ اسے عوامی ادارہ کا موقف حاصل ہوسکے کیونکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کو عوامی ادارہ کا موقف حاصل ہونے کی صورت میں پنچ سالہ منصوبہ میں یونیورسٹی کیلئے 1000کروڑ کی گرانٹ حاصل ہوگی اور جامعہ کے وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی سال 2016-17 کے دوران حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے 43 ہزار 837 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور تعلیمی سال 2017-18 کے دوران 58ہزار 200 درخواستیں وصول ہوئی تھیں ۔انہوں نے بتایاکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ملک بھر کے طلبہ کیلئے اولین ترجیح بنتی جا رہی ہے اور یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے کے خواہشمندوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور آئندہ تعلیمی سال کے دوران بھی یونیورسٹی کو بھاری تعداد میں داخلوں کیلئے درخواستیں موصول ہونے کا قوی امکان ہے۔

TOPPOPULARRECENT