Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / یوپی : بی جے پی کی مقبولیت میں 12 فیصد گراوٹ

یوپی : بی جے پی کی مقبولیت میں 12 فیصد گراوٹ

لکھنؤ ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں اسمبلی چناؤ کی انتخابی مہم شباب پر ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی تقریروں سے یہ صاف ظاہر ہورہا ہیکہ گذشتہ پارلیمانی الیکشن میں انہوں نے عوام کی خوشحالی اور ترقی کی جو باتیں کی تھیں یا وکاس کو انتخابی موضوع بنایا تھا، اب گجرات میں کام نہیں آرہا ہے۔ اس لئے وہ اپوزیشن کانگریس کے موجودہ لیڈروں کو ہی نہیں بلکہ ان شخصیات پر بھی رکیک حملے کررہے ہیں جو ان کے الزامات کا جواب دینے کیلئے اب اس دنیا میں نہیں۔ ان میں ایک نہرو جی ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی کی لڑائی میں اہم رول ادا کیا اور اس وجہ سے 9 بار جیل گئے اور کل ملا کر 3259 دن (چار دن کم 9 سال) جیل میں کاٹے جبکہ سنگھ پریوار نے تحریک آزادی کی حمایت تک نہیں کی اور اس کا کوئی لیڈر جیل نہیں گیا۔ پھر بھی وہ قوم پرستی کا دعویٰ کرتے ہیں اور نشانہ ان قائدین کو بناتے ہیں جو محض قومی جذبہ سے تحریک آزادی میں شریک تھے۔ گجرات کا ماحول بگڑتا دیکھ کر شاید مودی جی بوکھلا گئے ہیں۔ ان حالات میں ہندوتوا کا سہارا لینے کیلئے اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کو گجرات بلایا گیا ہے اور وہ ایسا بلند بانگ دعویٰ کرتے ہوئے وہاں چلے گئے کہ بلدی انتخابات میں جن کے نتائج ہفتہ 2 ڈسمبر کو آئے، ان کی قیادت میں بی جے پی نے گویا زبردست انتخابی کامیابی حاصل کی ہے لیکن اعداد و شمار اس دعویٰ کی پول کھول رہے ہیں۔ ان نتائج کے بعد یوگی نے دعویٰ کیا کہ اگر اس وقت پارلیمانی چناؤ ہوجائے تو ان کی پارٹی تمام 80 نشستوں پر کامیاب ہوجائے گی حالانکہ ووٹوں کا تجزیہ کہتا ہیکہ زیادہ سے زیادہ 30-35 نشستیں ہی بی جے پی جیت سکیں گی۔ بڑی آبادی والے 16 شہروں میں جہاں بلدی ادارہ کو کارپوریشن کا درجہ حاصل ہے، میئر کا چناؤ براہ راست ہوتا ہے ان میں بی جے پی کے 14 امیدوار کامیاب ہوگئے۔
لیکن 438 نگر پنچایتوں اور 198 نگر پالیکا پریشدوں کے نتائج پر نظر نہیں ڈالی گئی، جہاں سے مجموعی طور پر بی جے پی کے 70 امیدوار جیتے اور پارٹی کو ملنے والے ووٹوں کا تناسب 30 فیصد رہا جبکہ حالیہ اسمبلی چناؤ میں پارٹی کو 42 فیصد ووٹ ملے تھے۔ اس طرح بی جے پی کا ووٹ شیئر 12 فیصد گھٹ گیا ہے، پھر بھی یوگی اور مودی بی جے پی کی مقبولیت کا گمراہ کن دعویٰ کررہے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT