Friday , December 15 2017
Home / ہندوستان / یوپی ‘ مدارس کے رجسٹریشن کی مہلت میں 15 دن کی توسیع

یوپی ‘ مدارس کے رجسٹریشن کی مہلت میں 15 دن کی توسیع

۔30 ستمبر تک تمام ضروری تفصیلات ویب سائیٹ پر پیش کرنے کی ہدایت ‘ وزیر اقلیتی بہبود
لکھنو 17 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش حکومت نے آج ریاست میں تمام مدارس کیلئے خود کو ریاستی حکومت کی ویب سائیٹ پر رجسٹریشن کروانے کیلئے مہلت میں 15 دن کی توسیع کردی ۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود لکشمی نارائن چودھری نے بتایا کہ اب مدارس کے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 ستمبر کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں کچھ فنی خرابیاں اور نقائص تھے جنہیں دور کردیا گیا ہے ۔ چودھری نے کہا کہ ریاست میں تمام مدارس کیئے اپنی تمام متعلقہ اطلاعات کے ساتھ ویب سائیٹ پر رجسٹریشن کیلئے جو مہلت دی گئی تھی وہ اب 30 ستمبر تک کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اس ویب سائیٹ پر تقریبا 2,500 مدرسوں نے اپنی تفصیلات پیش کی ہیں۔ حکومت اترپردیش نے 18 اگسٹ کو ایک ویب سائیٹ شروع کی تھی جو مدرسوں سے متعلق ہے ۔ اس کے بعد حکمنامہ جاری کیا گیا تھا کہ مدارس تمام ضروری اطلاعات اس ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کریں۔ ان اطلاعات میں مدرسہ کی مینیجنگ کمیٹی ‘ ٹیچرس ‘ طلبا اور دوسری اطلاعات وغیرہ پیش کرنے کو کہا گیا تھا ۔ اس کام کیلئے 15 ستمبر تک مہلت دی گئی تھی جس کو 15 دن کی توسیع کے ساتھ 30 ستمبر کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد مدرسوں میں بے قاعدگیوں کو روکنا اور مدارس کے معیار میں بہتری لانا ہے ۔ ریاست میں فی الحال 19,000 مسلمہ مدارس ہیں اور 4,600 مدارس کو حکومت کی جانب سے جزوی امداد بھی دی جاتی ہے ۔ ریاست میں 560 ایسے مدرسے ہیں جن کے مکمل اخراجات حکومت جاری کرتی ہے ۔ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مدارس عربیہ ٹیچرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری دیوان صاحب زماں نے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے ۔ اس سے مدرسوں کو اپنی اطلاعات فراہم کرنے کیلئے کچھ وقت دستیاب ہوجائیگا تاہم تفصیلات کو اپ لوڈ کرتے ہوئے کچھ فنی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ریاست میں سرکاری حکام کی جانب سے بھی حکومت کے علم میں لایا گیا تھا کہ تفصیلات کو اپ لوڈ کرنے میں مدارس کے ذمہ داروں کو فنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT