Saturday , December 16 2017
Home / سیاسیات / یوپی میں عظیم تر اتحاد کی قیاس آرائیاں

یوپی میں عظیم تر اتحاد کی قیاس آرائیاں

کانگریس انتخابی حکمت عملی کے ذمہ دار پرشانت کشور کی ملائم سنگھ سے ملاقات
لکھنؤ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے انتخابی لائحہ عمل تیار کرنے والے پرشانت کشور نے آج سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کی۔ اس کے ساتھ ہی مجوزہ اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل عظیم تر اتحاد (مہا گٹھ بندھن) کی قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ یہ ملاقات دو سے زائد سیشن میں جاری رہی اور تفصیلات کا کوئی انکشاف نہیں کیا گیا۔ پرشانت کشور کی یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی جبکہ سوشلسٹ پارٹیوں کے قائدین نے سماج وادی پارٹی سلور جوبلی تقاریب میں شرکت کی تھی۔ اسے ملائم سنگھ یادو کی جانب سے اتحاد تشکیل دینے کی کوشش سمجھا جارہا ہے۔ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کیلئے چند ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ پرشانت کشور اور ملائم سنگھ یادو کی بات چیت کے بارے میں دونوں طرف سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی۔ صدر ریاستی سماج وادی پارٹی شیو پال یادو نے کہا کہ اگر ایسی کوئی پیشرفت ہو تو وہ میڈیا کو تفصیلات بتائیں گے۔ گزشتہ چھ دن میں کشور نے ملائم سنگھ سے آج دوسری مرتبہ ملاقات کی۔ اس سے قبل یکم نومبر کو انہوں نے دہلی میں ملائم سنگھ یادو کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ سماج وادی پارٹی بہار انتخابات میں عظیم تر اتحاد کا حصہ رہی لیکن انتہائی کم نشستیں مختص کرنے پر اس نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اس کے باوجود جنتا دل (یو) ، آر جے ڈی اور کانگریس پر مشتمل عظیم تر اتحاد نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو شکست دیتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی تھی۔
ٹیپو جینتی کے خلاف کل کرناٹک میں بی جے پی کا احتجاج
بنگلورو۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں ٹیپو جینتی تقاریب اور قتل کے واقعات کے خلاف بی جے پی نے 8 نومبر کو ریاست گیر احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا نے کہا کہ حکومت ٹیپو جینتی منانے کے فیصلہ پر بضد ہے ، ہم اس فیصلہ اور ہندو تنظیموں کے نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف ریاست بھر میں مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منظم طور پر آر ایس ایس اور بی جے پی قائدین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT