Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / یوپی میں پھر ٹرین پٹریوں سے اتر گئی، 100 زخمی، پانچ دن میں دوسرا حادثہ

یوپی میں پھر ٹرین پٹریوں سے اتر گئی، 100 زخمی، پانچ دن میں دوسرا حادثہ

وزیرریلوے کا استعفیٰ کا پیشکش ،خانگی ڈمپر کے سبب حادثہ، ڈرائیور فرار، دہلی۔ ہاوڑہ لائن پر کئی ٹرینس منسوخ

لکھنؤ ؍ اوڑیہ ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع اوڑیہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں کفایت ایکسپریس ٹرین قریب ہی ریلوے کاموں کیلئے تعمیراتی سامان لانے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی اور اس کی 10 بوگیاں پٹریوں سے اتر گئیں، جس کے نتیجہ میں کم سے کم 100 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم ریلویز نے کہا کہ اس واقعہ میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں اور ڈمپر محکمہ ریلوے کا نہیں تھا۔ اوڑیہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس سنجے تیاگی نے کہا کہ 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن کے منجملہ ایک بوگی الٹ گئی ۔ ایس پی نے کہا کہ چند زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔ نارتھ سنٹرل ریلوے (این سی آر) کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ ٹرین اعظم گڑھ سے دہلی روانہ ہورہی تھی کہ رات 2:50 بجے پاٹا اور رچلڈا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ معتمد داخلہ بھگوان سواروپ نے کہا کہ مال برداری کی راہداری کی تعمیر کیلئے سامان لانے والے ڈمپر کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ ڈمپر الٹ کر پٹریوں پر گر پڑا تھا‘‘۔ سواروپ نے مزید کہا کہ ’’اس کراسنگ پر کویء شخص متعین نہیں کیا جاتا اور پٹریوں سے متوازی سڑک سے گذرنے والا ڈمپر الٹ کر پٹریوں پر گر پڑا تھا‘‘۔ الہ آباد کے ڈیویژنل ریلوے منیجر (ڈی ایم آر) ایس کے پنکج نے کہا کہ بادی النظر میں یہ خانگی ڈمپر کے ڈرائیور کی غلطی ہے اور ڈرائیور فرار ہوچکا ہے۔صرف پانچ دن کے دوران دو بڑے ریل حادثوں کے سبب وزیر ریلوے پربھو سے استعفیٰ کے مطالبہ میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ اس دوران سریش پربھو نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران حالیہ حادثات پر اپنی مکمل اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہاکہ قیمتی جانوں کے اتلاف اور مسافرین کے زخمی ہونے پر انہیں سخت تکلیف پہنچی ہے۔ صدرنشین ریلوے بورڈ متل نے دریں اثناء اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ سریش پربھو کے استعفیٰ کے بارے میں مرکزی وزیرفینانس و دفاع ارون جیٹلی کے بموجب فیصلہ وزیراعظم کے سپرد کردیا گیا ہے۔ کفایت ایکسپریس اترپردیش کے اعظم گڑھ اور دہلی کے درمیان سفر کرتی ہے اور اس حادثہ کے سبب دہلی ۔ ہاوڑہ لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اترپردیش میں پانچ دن کے دوران یہ دوسرا ٹرین حادثہ تھا۔ ضلع مظفرنگر میں ہفتہ کو ایک ٹرین پٹریوں سے اتر گئی تھی جس کے نتیجہ میں 22 افراد ہلاک اور دیگر 156 زخمی ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT