Thursday , August 16 2018
Home / Top Stories / یوپی کے بڑے سولار پاور پلانٹ کا افتتاح

یوپی کے بڑے سولار پاور پلانٹ کا افتتاح

وزیراعظم مودی، فرانسیسی صدر میکرون نے 75 میگاواٹ کے مرکز کو عوام کے معنون کیا
دادرکلاں (یوپی) 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون نے آج اترپردیش کے سب سے بڑے سولار پاور پلانٹ کا ضلع مرزاپور کے چھاؤنی بلاک میں افتتاح کیا۔ وزیراعظم کے ساتھ اترپردیش کے گورنر رام نائک اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے فرانسیسی صدر اور اُن کی شریک حیات بریگیتے کا یہاں ہوائی پٹی پر استقبال کیا۔ وزیراعظم اور فرانسیسی صدر نے ایک بٹن دباتے ہوئے سولار پیانلس کو چالو کیا اور اِس 75 میگاواٹ والے مرکز کو قوم کے نام معنون کیا۔ فرانسیسی فرم ENGIE کی جانب سے لگ بھگ 500 کروڑ روپئے کی لاگت پر تعمیر شدہ 75 میگاواٹ کا سولار پلانٹ وندھیا پہاڑی سلسلہ کے علاقہ میں موضع دادرکلاں میں قائم کیا گیا ہے۔ زائداز 380 ایکر میں تقریباً 1,18,600 سولار پیانلس قائم کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ برقی کی ترسیل اترپردیش پاور کارپوریشن لمیٹیڈ کے مرزا پور رینج کے جگنا سب اسٹیشن تک کی جائے گی۔ یہ پلانٹ سے سالانہ 15.6 کروڑ یونٹ برقی پیدا ہوگی اور تقریباً 1.30 کروڑ یونٹ ماہانہ کی شرح درج ہوگی۔ گزشتہ روز نئی دہلی میں انٹرنیشنل سولار الائنس کی تاسیسی کانفرنس سے خطاب میں مودی نے سولار پراجکٹس کے لئے رعایتی فینانسنگ اور کم تر جوکھم والے فنڈس کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا تاکہ شمسی توانائی سے زیادہ سے زیادہ گوشے استفادہ کرسکیں اور سستی برقی فراہم کرتے ہوئے کاربن کے اخراج میں بھی کمی لائی جاسکے۔ آئی ایس اے کا خیال مودی نے پیش کیا ہے جو 121 اقوام کو یکساں مقصد کے تحت یکجا کرنے کی کوشش ہے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ ہندوستان 2022 ء تک قابل تجدید وسائل توانائی سے 175 گیگا واٹس برقی پیدا کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT