Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / یوگی ادتیہ ناتھ کا آمرانہ طرز عمل ، اپوزیشن کی تنقید

یوگی ادتیہ ناتھ کا آمرانہ طرز عمل ، اپوزیشن کی تنقید

چیف منسٹر کا تقریراور بات کرنے کا نرالا انداز ہے : گووند چودھری
لکھنؤ، 20 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اسمبلی میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے کل کی تقریر سے مشتعل اپوزیشن نے ان پرآمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام لگایا ہے ۔اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر رام گووند چودھری نے ‘یواین آئی’سے کہا کہ کل مسٹر یوگی نے ایوان میں اپوزیشن کی جانب انگلی اٹھا اٹھا کر سنگین الزامات لگائے ۔ وزیر اعلی کو اس طرح کی تقریر زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے نارائن دت تیواری جیسے قابل شخص کے ساتھ ہی متعدد وزیر اعلی کا مشاہدہ کیا ہے ، لیکن اس طرح کی تقریر کرتے اور گفتگو کرتے وقت اس طرح کا عجیب انداز پہلی بار دیکھا۔مسٹر چودھری نے کہا کہ پارٹی اور اپوزیشن جمہوریت کے دو پہیے ہیں۔ دونوں میں مصالحت ضروری ہے ، لیکن لگتا ہے کہ وزیر اعلی کو جمہوریت میں یقین ہی نہیں رہ گیا ہے ۔ وزیر اعلی کے طرز تخاطب سے ایسا لگتا ہے کہ ریاست کے تمام اپوزیشن لیڈر ایماندار نہیں ہیں۔ سب کو غلط سمجھنا بہت بڑی غلطی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں لااینڈ آرڈر کافی خراب ہے ۔مسائل بھیانک شکل اختیار کر رہے ہیں۔ ان سب سے توجہ ہٹانے کے لیے وزیر اعلی نے انتقامی جذبے کے تحت تقرریوں کی جانچ کرانے کا اعلان کیا ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسٹر یوگی دباؤ کی سیاست کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بہار کی طرح اتر پردیش میں بھی مخالف جماعتوں کو دبانا چاہتی ہے ، لیکن سماج وادی پارٹی دبنے والی نہیں ہے ۔ بی جے پی کے آمرانہ رویہ کے خلاف اپوزیشن متحد ہے اور اسی لیے ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے آج دن بھر اسمبلی کی کارروائی سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) لیڈر لال جی ورما نے بھی مسٹر یوگی پر جمہوریت میں یقین نہیں رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جب وہ اور ان کی پارٹی کے رکن بولنے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو بی جے پی ا راکین رکاوٹ ڈالتے ہیں.۔جمہوریت کے لیے یہ مناسب نہیں ہے ۔اسی لیے ان کی پارٹی نے بھی آج دن بھر ایوان کی کارروائی سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کانگریس کے اجے کمار عرف للو نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت میں یقین نہیں رکھتی ہے ، اسی لیے ایوان اور ایوان کے باہر اپوزیشن کے ساتھ جمہوری برتاؤ نہیں کرتی ہے ۔ اس طرز عمل سے آمرانہ رجحان جھلکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT