Monday , June 18 2018
Home / Top Stories / یوگی حکومت میںحج ہاؤز کو زعفرانی رنگ

یوگی حکومت میںحج ہاؤز کو زعفرانی رنگ

لکھنؤ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) زعفرانی رنگ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے پسندیدہ رنگوں میں سے ہے اور چیف منسٹر اترپردیش اِسے ریاست میں زیادہ سے زیادہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ دعویٰ اِس لئے کیا جارہا ہے کہ کیوں کہ سکریٹریٹ کے بعد ودھان سبھا کے قریب واقع حج ہاؤز کی دیواروں کو بھی زعفرانی رنگ کردیا گیا ہے، جس پر اپوزیشن کی طرف سے تنقیدیں ہورہی ہیں۔ حج ہاؤز کی باؤنڈری وال کو اِس سے پہلے سبز اور سفید رنگ ہوا کرتا تھا۔ بتایا گیا کہ حج ہاؤز کو راتوں رات نیا رنگ دے دیا گیا اور پورا کام رات کے دوران مکمل کیا گیا۔ حج ہاؤز کا اسٹاف تبصرہ کے لئے فوری دستیاب نہیں ہوپایا کیوں کہ آج جمعہ کو گرو گوبند سنگھ جینتی کے سبب حج ہاؤز بند ہے۔ اس اقدام پر سماج وادی پارٹی نے حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ سلسلہ وار اقدامات کے ذریعہ اقلیت دشمن ثابت ہورہی ہے اور سماج کو زعفرانی رنگ دیا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی اور ترجمان سنیل سنگھ سجن نے کہاکہ حکومت رنگوں کی سیاست کررہی ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کوشاں ہے۔ زعفرانی رنگ ہمارے لئے بلاشبہ عقیدہ کی بات ہے لیکن کیا اس سے بھوک مٹ سکتی ہے، یا یہ کوئی بیماری کا علاج ہے؟ اگر ہر چیز کو زعفرانی رنگ دینے سے کچھ مدد ملتی ہے تو یوگی 10 ماہ میں بہت کچھ کارہائے نمایاں انجام دے چکے ہوتے۔ وہ سر سے پیر تک زعفرانی رنگ میں ہوتے ہیں، پھر بھی وہ اِس ریاست کے عوام کے لئے کچھ بھی کرنے سے قاصر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT