Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / یو ایس اوپن : ثانیہ اور روہن بوپنا کی پری کوارٹرس میں رسائی

یو ایس اوپن : ثانیہ اور روہن بوپنا کی پری کوارٹرس میں رسائی

نیویارک 6  ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا نے اپنے اپنے ڈبلز پارٹنرس کے ساتھ امریکی اوپن ٹورنمنٹ کے تیسرے راونڈ میں شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ٹاپ سیڈ ثانیہ مرزا نے اپنی ساتھی مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر وومنس ڈبلز کے پری کوارٹر فانلس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ اس جوڑی نے سوئیس ٹیمائے بشنزکی اور تائیپی کی چیا جونگ چوانگ کی جوڑی کو لگاتار سیٹوں میں شکست دیدی ۔ ہندوستانی ۔ سوئیس جوڑی نے مخالف جوڑی کے خلاف 6 – 1, 6 – 1 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ یہ میچ صرف ایک گھنٹے میں ختم ہوگیا ۔ ثانیہ ۔ ہنگس کی جوڑی نے جولائی میں ومبلڈن کا ڈبلز وومنس خطاب جیتا تھا ۔ ثانیہ اور مارٹینا ہنگس کا آئندہ مقابلہ تیرہویں نمبر سیڈ جوڑی میکائیلا کراجیسیک ( نیدرلینڈ ) اور چیک جمہوریہ کی باربورا اسٹرائیکوا سے ہوگا ۔ ثانیہ ۔ ہنگس جوڑی نے سات بریک پوائنٹس میں سے پانچ کو اپنے حق میں بدل کر سبقت حاصل کرلی تھی ۔ مینس ڈبلز میں چھٹے نمبر سیڈ روہن بوپنا ( ہندوستان ) نے رومانیہ کے فلورین مارگئی کے ساتھ پولینڈ کے ماریسوز فرسٹنبرگ اور میکسیکو کے سانٹیاگو گونزالیز کی جوڑی کو 6 – 3, 7 – 6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ۔ بوپنا ۔ مارگئی کا آئندہ مقابلہ نویں نمبر سیڈ جوڑی کناڈا کے ڈانیل نیسٹر اور فرانس کے ایڈورڈ روجر واسیلن کی جوڑی سے ہوگا ۔ مکسڈ ڈبلز میں ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی برونو سواریز پہلے راونڈ سے آگے بڑھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ لئینڈر پئیس اور ان کے ساتھی فرنانڈو ورڈاسکو ( اسپین ) کو بھی اپنے پہلے ہی راونڈ کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT