Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / یو پی بی جے پی مقننہ پارٹی کا آج اجلاس ‘ چیف منسٹر کا انتخاب ہوگا

یو پی بی جے پی مقننہ پارٹی کا آج اجلاس ‘ چیف منسٹر کا انتخاب ہوگا

پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ کا بیان ۔ نئے چیف منسٹر کی اتوار کی شام 5 بجے حلف برداری ۔ میں دوڑ میں نہیں ہوں ‘ منوج سنہا

نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش بی جے پی کے صدر کیشو پرساد موریہ نے آج کہا کہ ریاستی مقننہ پارٹی کی جانب سے چیف منسٹر کا کل فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقننہ پارٹی یہ فیصلہ کریگی کہ چیف منسٹر کون ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں نئے چیف منسٹر کی حلف برداری 19 مارچ کو ہوگی اور پارٹی کے تمام قومی قائدین تقریب حلف برداری میںشرکت کرینگے ۔ کیشو پرساد موریہ کو کل بے چینی کی شکایت پر رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کچھ معمولی مسائل تھے اور انہیں دواخانہ میںشریک کیا گیا تھا ۔ انہیں کل ہی ڈسچارچ کردیا گیا ہے اور وہ پوری طرح سے بہتر ہیں۔ اترپردیش میں چیف منسٹری کے دعویداروں کے ناموں کے تعلق سے باربار سوالات پر انہوں نے کہا کہ کل شام 4 بجے بی جے پی کے نو منتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا اور آپ کو کل معلوم ہوجائیگا کہ نئی حکومت کا سربراہ کون ہوگا ۔ جب موریہ کو بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے اس بیان سے واقف کروایا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے نئے چیف منسٹر کے انتخاب کی ذمہ داری کیشو پرساد موریہ کو دی ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ عام انداز میں کہا گیا تھا ۔ بحیثیت ریاستی صدر ان کی جو بھی ذمہ داری ہے وہ اسے پورا کرینگے ۔ بی جے پی نے حالانکہ اقلیت میں رہتے ہوئے منی پور اور گوا میں اپنی حکومتیں تشکیل دی ہیں لیکن اترپردیش میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے باوجود اس نے ابھی اپنے چیف منسٹر کا انتخاب نہیں کیا ہے ۔ بی جے پی کیلئے ریاست میں چیف منسٹر کا انتخاب اہمیت کا حامل ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ کسی ایسے شخص کو یہ ذمہ داری دی جائیگی جو 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو کامیابی دلانے کا اہل ہو ۔ یہ ریاست مرکز میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ پارٹی میں یہ قیاس ظاہر کیا جارہا ہے کہ امیت شاہ کے ریمارکس کے بعد کیشو پرساد موریہ اس دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں حالانکہ وہ ریاست میں پارٹی کیلئے او بی سی کا چہرہ ہیں۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 19 مارچ کو شام پانچ بجے نئے چیف منسٹر عہدہ اور راز داری کا حلف لیں گے ۔ گورنر انہیں حلف دلائیں گے تاہم ابھی چیف منسٹر کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر منوج سنہا نے آج کہا کہ وہ کسی بھی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔ ریاست میں چیف منسٹری کے دعویداروں میں مسٹر منوج سنہا کا نام بھی طاقتور امیدوار کے طور پر لیا جا رہا تھا ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نہ مجھے کسی دوڑ کا پتہ ہے اور نہ میں کسی دوڑ میں شامل ہوں۔ کیشو پرساد موریہ اور منوج سنہا کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا نام بھی اس عہدہ کیلئے لیا جا رہا تھا ۔ کیشو پرساد موریہ نے امیت شاہ کے بیان کے بعد کہا تھا کہ وہ خود کس طرح اپنے آپ کو ریاست کا چیف منسٹر منتخب کرسکتے ہیں۔ چونکہ بی جے پی نسبتا غیر معروف قائدین کو ذمہ داریاں سونپنے کی روایت رہی ہے ایسے میں اترپردیش میں بھی اسی روایت کے امکان کو یکسر مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ کل شام تک تاہم نئے چیف منسٹر کا انتخاب ہوجائیگا ۔ کل نو منتخب ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس منعقد ہوگا اور اس میں ریاست کے نئے چیف منسٹر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT