Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / یو پی میں ٹرین کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے

یو پی میں ٹرین کے 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے

۔23 ہلاک ، 400 زخمی ،چند بوگیاں ، گھروں میں گھس گئیں

مظفر نگر ۔ /10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پوری ۔ ہردوار اٹکل ایکسپریس کے کم سے کم 14 کوچیس آج یہاں کھتولی کے قریب پٹری سے اترگئے جس کے نتیجہ میں23 افراد ہلاک اور دیگر 400 زخمی ہوئے ہیں ۔ اے ڈی جی (میرٹھ زون) پرشانت کمار نے کہا کہ زخمیوں کو صحیح تعداد کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ وزارت ریلوے کے عہدیداروں نے کہا کہ شام 5 بجکر 45 منٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ممکنہ مدد پہونچانے کی ہدایت کی ہے ۔ ٹیلی ویژن فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ چند کوچیس پٹری سے اترنے کے بعد قریبی گھروں میں گھس گئے ۔ مقامی انتظامیہ کے عہدیدار مقام حادثہ پر پہونچ گئے ہیں اور راحت رسانی کام رات دیر گئے پورا کرلیا گیا ہے ۔ اس ٹرین کے پٹری سے اترنے کے سبب شمالی ریلوے کے اس مصروف راستہ پر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہا کہ ریلوے بورڈ کے چیرمین ، رکن اور دیگر ذمہ داروں کو امداد رسانی کے کاموں کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں بھی شخصی طور پر صورتحال کی نگرانی کررہا ہوں ‘‘ ۔ وزیر ریلوے کے مطابق مقام حادثہ پر طبی ویانس روانہ کی گئی ہیں ۔

کھتولی جہاں یہ حادثہ پیش آیا ۔ مظفر نگر سے تقریبا 40 کیلو میٹر دور واقع ہے ۔ بڑی کرینس اور گیس کٹرس کا استعمال کیا جارہا ہے اور مقامی افراد کو بھی راحت کاری کاموں میں مدد کرتے دیکھا گیا ۔ مظفر نگر کے حکام نے متاثرین کے ارکان خاندان کی مدد کے لیے کنٹرول روم قائم کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وزارت ریلوے اور ریاستی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اور مدد بہم پہنچائی جارہی ہے ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے ٹرین پٹری سے اترنے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی طرح کی لاپرواہی کا پتہ چلے تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 3.5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپئے اور معمولی زخمیوں کو 25,000 روپئے امداد کا اعلان کیا ۔

سونیا اور راہول کا اظہار افسوس
نئی دہلی ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : صدر کانگریس سونیا گاندھی نے مظفر نگر میں اٹکل ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کے حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا جس میں 23 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے انہوں نے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے بھی ٹوئیٹ کیا ہے کہ اس حادثہ پر انہیں بے حد افسوس ہے ۔۔

 

TOPPOPULARRECENT