Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / یو ڈی ایف حکومت کی رسوائی کیلئے سی پی ایم پر سازش کا الزام

یو ڈی ایف حکومت کی رسوائی کیلئے سی پی ایم پر سازش کا الزام

کوچی۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا کے وزیر آبکاری مسٹر کے بابو جنہیں ہوٹلس اینڈ بارس رشوت ستانی کیس میں الزامات کا سامنا ہے۔ آج یہ الزام عائد کیا کہ یو ڈی ایف حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے گذشتہ سال ڈسمبر میں سی پی ایم رکن اسمبلی کی قیامگاہ پر ایک سیاسی سازش رچی گئی تھی تاہم انہوں نے رکن اسمبلی کا نام نہیں بتایا جس نے یہ سازش تیار کی ہے۔ چیف منسٹر اومن چنڈی کے بااعتماد رفیق مسٹر بابو نے بتایا کہ وہ کیرالا کانگریس ( ایم ) سربراہ کے ایم منی سے خوفزدہ نہیں ہیں جنہوں نے کل یہ دعویٰ کیا تھا کہ بار رشوت ستانی کیس میں بابو کے خلاف الزامات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ کانگریس کے وزیر بابو نے کہا کہ منی ایک سینئر لیڈر ہیں اور وہ ریاست میں یو ڈی ایف کی زیر قیادت حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں کرسکتے۔ مسٹر بابو نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف الزامات عائد کرنے والے افراد تحقیقاتی ادارہ ویجلنس اینڈ اینٹی کرپشن بیورو کو متضاد بیانات دے رہے ہیں جس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں بری الذمہ قرار دیا تھا۔واضح رہے کہ رشوت ستانی کیس میں ہائیکورٹ کے سخت ریمارکس پر وزیر فینانس منی نے جمعرات کو استعفی دے دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT