Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں /  ے24گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی سے حیدرآباد کے عوام محروم

 ے24گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی سے حیدرآباد کے عوام محروم

غیر معلنہ برقی کٹوتی معمول بن گئی ، دھوپ کی شدت اور گرمی سے عوام اور تاجرین پریشان حال
حیدرآباد ۔ /10 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں برقی سربراہی میں غیر معلنہ کٹوتی پرانے شہر کے عوام کے لئے معمول بن چکا ہے ۔ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کے اعلانات شائد پرانے شہر کے لئے نہیں ہیں چونکہ برقی سربراہی میں خلل روز کا معمول بن چکا ہے اور روزانہ 4 تا 5 گھنٹے برقی کٹوتی کے ذریعہ عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا جارہا ہے ۔ جب عوام برقی سربراہی میں پیدا خلل کے متعلق شکایت کرتا ہے تو یہ کہا جارہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن عہدیدار شائد یہ بھول رہے ہیں کہ موسم گرما کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے اور معیاری سہولت پہنچانے کے نام پر گرما سے قبل ایک مہینہ تک مینٹیننس کے لئے 2 تا 4 گھنٹے برقی کٹوتی کی گئی اور اگر اس مدت میں مینٹیننس نہیں کیا گیا تو وہ برقی کٹوتی آخر کیوں کی گئی تھی اور اگر ایک ماہ قبل بہتر خدمات کی فراہمی اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے لئے مینٹیننس کیا گیا تھا تو پھر اب مسائل کیوں پیدا ہورہے ہیں ؟ شہریوں کی جانب سے یہ سوال منتخبہ نمائندوں کو کرنے چاہئیے لیکن انہیں شائد برقی سربراہی میں خلل کا اندازہ ہی نہیں ہوتا چونکہ ان کے گھروں میں تو جنریٹر ہوتے ہیں ۔ شدید گرمی کے دوران 4 تا 5 گھنٹے برقی سربراہی سے ہونے والی تکالیف کے سبب عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے چونکہ ان تکالیف کا شکار شہر کا ایک مخصوص علاقہ ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ایسی صورتحال نہیں ہے ۔ محکمہ برقی کے عہدیدار عوام کو جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے اور اس علاقہ کے منتخبہ نمائندوں کو عوام کی فکر لاحق نظر نہیں آتی اسی لئے عوام مختلف محکمہ جات میں موجود عہدیداروں کے رحم و کرم پر ہیں چونکہ عہدیداروں سے سوال کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ پرانے شہر میں عوام کے برقی بقایا جات کی وصولی میں مستعدی دکھانے والے عہدیدار برقی سربراہی منقطع ہونے پر یہ جواب دے رہے ہیں کہ تکنیکی مسئلہ ہے ، دو گھنٹے درکار ہوں گے ۔ ان عہدیداروں سے کوئی یہ دریافت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے کہ آخر صرف ان علاقوں میں ہی تکنیکی مسائل کیوں پیدا ہوتے ہیں اور کیوں روزانہ یہ مسائل پیدا ہورہے ہیں ؟ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران ایک یا دو گھنٹے کے لئے 2 تا 3 مرتبہ برقی سربراہی منقطع ہورہی ہے اور ہر عہدیدار ایک ہی جواب دے رہا ہے کہ کام چل رہا ہے ۔ اگر کام اب چل رہا ہے تو موسم گرما کے آغاز سے قبل جو برقی منقطع کی گئی تھی وہ کس لئے تھی اس بات کا جواب دینے کوئی تیار نہیں ہے ۔ علاوہ ازیں شہر کے دیگر علاقوں میں یہ مسائل کیوں پیدا نہیں ہوتے اس بات کا بھی کوئی جواب محکمہ برقی کے عہدیداروں کے پاس نہیں ہے ۔ عوام میں یہ احساس شدت سے پایا جانے لگا ہے کہ ان کے مسائل کے متعلق عہدیداروں سے باز پرس میں منتخبہ نمائندے ناکام ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو تکالیف برداشت کرنی پڑرہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT