Friday , November 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ۔100 سالہ قدیم قبرستان پر لینڈگرابرس کا قبضہ

۔100 سالہ قدیم قبرستان پر لینڈگرابرس کا قبضہ

تقریباً 100 قبور مسمار، مسلمانوں کا زبردست احتجاج، کارروائی کامطالبہ
سنگاریڈی ۔ 9 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے حلقہ اسمبلی پٹن چیرو کے موضع چناکنجرلا میں واقع 100 سالہ قدیم قبرستان میں لینڈ گرابرس کی جانب سے جے سی بی کے ذریعہ تقریباً 100 قبور کو مسمار کرتے ہوئے قبرستان کی قیمتی اراضی پر غیرمجاز طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جو درج وقف ہے۔ موضع چناکنجرلا کے مسلمانوں بالخصوص مسلم خواتین نے قبرستان پہنچ کر سخت احتجاج کیا۔ اس غیرقانونی حرکت کے خلاف متعلقہ عہدیداروں، پولیس، ضلع وقف انسپکٹر اور مقامی تحصیلدار سے شکایت درج کروائی۔ وقف انسپکٹر ضلع میدک عبدالقادر کے بموجب موضع چناکنجرلا کا قدیم قبرستان جو درج وقف ہے، جس کا سروے نمبر 277 اور 279 ہے جس کی مکمل اراضی ایک ایکر 25 گنٹوں سے زائد ہے۔ یہاں پر ایک چھوٹی مسجد ایک بڑی مسجد کے علاوہ درگاہ ہے جس کے تحت سینکڑوں ایکر وقف اراضی موجود ہے جس پر لینڈگرابرس کی بری نظر ہے۔ مسلم قبرستان پر لینڈگرابرس کی جانب سے قبور کو مسمار کرنے کی اطلاع عام ہوتے ہی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ محمد خواجہ خاں ریاستی قائد ٹی آر ایس کو اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع وقف انسپکٹر عبدالقادر کے ہمراہ موضع چناکنجرلا پہنچ کر قبرستان کا تفصیلی معائنہ کیا اور مقامی مسلمانوں سے بات چیت کی۔ بعدازاں محمد خواجہ خاں نے مقامی مسلمانوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پٹن چیرو پہنچ کر ایک تحریری شکایت درج کروائی اور مسلم قبرستان کی بے حرمتی کرنے والے اور غیرمجاز طور پر قبرستان کی اراضی پر قبضہ کی کوشش کرنے والے لینڈگرابرس خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کسی مسلم قبرستان پر اس طرح کی شرپسند حرکت کا اعادہ نہ کیا جاسکے۔ محمد خواجہ خاں نے کہا کہ ضلع میدک میں وقفہ ووقفہ سے مسلم قبرستانوں کو مسمار کرتے ہوئے غیرمجاز طور پر قبضہ کرنے کی کوشش سے ضلع کے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ریاستی وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں اور ہاؤز کمیٹی وقف کے ذمہ داران سے اپیل کی جاتی ہیکہ فوری مسلم قبرستانوں اور کھلی وقف اراضیات کی حصاربندی کیلئے فنڈس جاری کرتے ہوئے وقف بورڈ کی قیمتی  اراضی کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ وقف پراپرٹیز پروٹیکشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی حیدرآباد کا ایک وفد بھی موضع چناکنجرلا پہنچ کر قبرستان اراضی کا معائنہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT