Friday , July 20 2018
Home / Top Stories / ۔12 ویں کے طالب علم نے پرنسپل کو گولی مار کر ہلاک کردیا

۔12 ویں کے طالب علم نے پرنسپل کو گولی مار کر ہلاک کردیا

یمنا نگر 20 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سرزنش کئے جانے پر برہم ایک 12 ویں جماعت کے طالب علم نے آج اپنی اسکول پرنسپل پر چار گولیاں داغ دیں ۔ اسکول پرنسپل دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکیں۔ کہا گیا ہے کہ طالب علم نے اپنے والد کے لائسنس یافتہ ریوالور سے 47 سالہ پرنسپل ریتو چھابرا پر فائرنگ کردی ۔ سوامی ویویکانند اسکول کی پرنسپل کو شدید زخمی حالت میں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکیں۔ یمنا نگر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش کالیا نے بتایا کہ چار گولیاں پرنسپل کے سینہ ‘ پیٹھ اور کندھے پر لگیں۔ یہ واقعہ آج دو پہر 11.30 سے 12 بجے کے درمیان پیش آیا ۔ پرنسپل پر فائرنگ کے بعد 18 سالہ کامرس طالب علم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسکول کے احاطہ میں موجود کچھ افراد نے مقامی افراد کی مدد سے اس کو پکڑ لیا ۔ اس طالب علم کو مقامی افراد نے برہمی کے عالم میں زد و کوب کیا اور اسے پولیس کے حوالے کردیا ۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اسکول پرنسپل سے ناراض تھا کیونکہ انہوں نے دو مرتبہ اس کی سرزنش کی تھی ۔ ایس پی نے بتایا کہ اس طالب علم میں پرنسپل کے خلاف برہمی پیدا ہوگئی تھی کیونکہ انہوں نے اسکول میں اس کے ساتھیوں کے روبرو اسے ڈانٹ ڈپٹ کی تھی ۔ ایس پی نے بتایا کہ پولیس اس بات کا بھی پتہ چلانے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا طالب علم منشیات بھی استعمال کرتا تھا یا نہیں ؟ ۔ آج وہ ٹیوشن جانے کی بجائے اسکول پہونچا تھا اور اس نے پرنسپل پر فائرنگ کردی ۔

TOPPOPULARRECENT