Wednesday , December 13 2017
Home / ہندوستان / ۔1959 ء کی چینی فائرنگ کے شہیدوں کی قومی یاد

۔1959 ء کی چینی فائرنگ کے شہیدوں کی قومی یاد

پولیس کا یوم شہیداں، وزیرداخلہ کی قیادت میں قوم کو خراج عقیدت
نئی دہلی 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے آج کہاکہ 1959 ء میں چینی سپاہیوں کی فائرنگ میں شہید ہونے والے ملازمین پولیس کے علاوہ ہندوستان کے اتحاد کے تحفظ و صیانت کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے دیگر 34,400 پولیس اہلکاروں کو قوم کل خراج عقیدت ادا کرے گی۔ آزادی کے بعد سے اس ملک کے اتحاد و یکجہتی کی حفاظت کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے 34,408 پولیس اہلکاروں کے علاوہ ان 10 ملازمین پولیس کو خراج عقیدت کی پیشکشی میں وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ قوم کی قیادت کریں گے۔ 21 اکٹوبر پولیس کے یوم شہیداں کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر بالخصوص ان پولیس 10 اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے جنھوں نے 1959 ء میں ہندوستانی سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تبت سے متصلہ 2,500 میل طویل ہندوستانی سرحدوں کی 1959 ء تک ہندوستانی پولیس اہلکار ہی نگرانی کیا کرتے تھے۔ 20 اکٹوبر 1959 ء کو شمال مشرقی لداخ میں متحرک پولیس کی تین پارٹیاں لانک لاء روانگی کے لئے پیش قدمی کررہے تھے۔ ان کے منجملہ دو پولیس پارٹیوں کے ارکان مہم کے بعد اپنے ٹھکانوں پر واپس پہونچ چکے تھے لیکن تیسری پارٹی جو دو پولیس کانسٹبلس اور ایک حمال پر مشتمل تھی واپس نہیں ہوئی تھی اور اسی روز دوپہر کے وقت چینی سپاہیوں کو فائرنگ کرتا دیکھا گیا تھا جس میں 10 بہادر سپاہی شہید اور دیگر سات سپاہی زخمی ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT