Tuesday , December 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ۔2 جون کو جشن تلنگانہ کے عنوان سے اردو کے 3 تہذیبی پروگرامس

۔2 جون کو جشن تلنگانہ کے عنوان سے اردو کے 3 تہذیبی پروگرامس

کل ہند مشاعرہ ‘ شام غزل اور محفل قوالی منعقد کرنے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔/24مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر 2جون کو جشن تلنگانہ کے عنوان سے 3 اردو تہذیبی پروگراموں کے فنکاروں کو تقریباً قطعیت دے دی گئی ہے۔ حکومت نے ایک ہی دن میں تین پروگراموں کے انعقاد کی ہدایت دی جس کے تحت قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کُل ہند مشاعرہ، انڈور اسٹیڈیم فتح میدان میں ’ شام غزل‘ اور اردو مسکن خلوت میں محفل قوالی کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ کُل ہند مشاعرہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مدعو کیا جارہا ہے جبکہ صدارت ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی ہوگی۔ بیرونی شعراء میں جوہر کانپوری، ماجد دیوبندی ( دہلی )، ضیاء ٹونکی ( راجستھان )، وجئے تیواری ( بھوپال )، شبینہ ادیب ( کانپور )، رئیس قاسمی ( مالیگاؤں ) ، حامد بھنساولی ( ممبئی)، ہاشم فیروز آبادی ( لکھنؤ) ، صبا بلرام پوری اور لتا حیاء ( ممبئی ) کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ ’ شام غزل ‘ میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار طلعت عزیز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ محفل قوالی کیلئے نامور قوال سالم برادرس بندہ نوازی ( گلبرگہ) ، وارثی برادرس ( حیدرآباد) اور احسن حسین خاں بندہ نوازی ( حیدرآباد ) کو مدعو کیا گیا ہے۔ کُل ہند مشاعرہ کیلئے مقامی شعراء کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تینوں تقاریب کے انتظامات کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں اور ٹنڈر کمیٹی کام کے سلسلہ میں اداروں کا انتخاب کرے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور پروفیسر ایس اے شکور نے حکومت کے مشیر برائے ثقافت رمنا چاری سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سال گزشتہ جشن تلنگانہ کے تحت 7 دن تک مختلف پروگرام منعقد کئے گئے تھے لیکن اس مرتبہ حکومت نے صرف ایک ہی دن میں 3 پروگراموں کو منظوری دی ہے جس سے اہل اردو کو بیک وقت تین پروگراموں میں شرکت ممکن نہیں ہے۔ کئی شائقین ایسے ہیں جو ’ شام غزل‘ اور کُل ہند مشاعرہ میں شرکت کے خواہاں ہیں لیکن اب وہ صرف کسی ایک ہی پروگرام میں شریک ہوپائیں گے۔ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ اردو کے یہ 3 پروگرام تین مختلف ایام میں منعقد کئے جاتے تاکہ شائقین اور اہل اردو کو ان سے استفادہ کا موقع ملتا۔

TOPPOPULARRECENT