Monday , October 15 2018
Home / Top Stories / ۔2019 میں کانگریس کی جیت کا سونیا کو تحفہ دیا جائیگا

۔2019 میں کانگریس کی جیت کا سونیا کو تحفہ دیا جائیگا

12 فیصد تحفظات پر کے سی آر کا مسلمانوں کو دھوکہ ۔ سالگرہ تقریب سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب کا گاندھی بھون میں جشن مناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2019 کے انتخابات میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر سونیا گاندھی کو تحفہ دیا جائے گا ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے نام پر مسلمانوں کو دھوکہ دینے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے حامیوں کے ساتھ ریونت ریڈی ریالی میں گاندھی بھون پہونچے ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس ڈی ناگیندر کی جانب سے سونیا گاندھی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر بڑا پروگرام منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ 2019 کے انتخابات میں کانگریس کو تلنگانہ میں بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر سونیا گاندھی کو تحفے میں دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے پہلے 9 دسمبر 2009 میں ہی سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر علحدہ تلنگانہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ریاست کی تقسیم کو روکنے سازشیں کی گئیں طلبہ و نوجوانوں کی خود کشی پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے آندھرا پردیش میں کانگریس کے مستقبل کی پرواہ کئے بغیر علحدہ تلنگانہ تشکیل دے دیا اور تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کے دیرینہ خوابوں کی تکمیل کرکے جو وعدہ کیا تھا اس کو نبھایا ہے ۔ 2014 کے عام انتخابات میں سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر نے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے اقتدار حاصل کیا مگر عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد اور قبائلوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا جس پر آج تک عمل آوری نہیں کرتے ہوئے مسلمانوں اور قبائلوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ 30 لاکھ بیروزگار نوجوان ملازمتوں کا انتظار کررہے ہیں ۔ انہیں روزگار فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ۔ غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات دینے کا وعدہ کیا جو وفا نہیں ہوا ۔ دلت طبقہ کو 3 ایکڑ اراضی دینے کا وعدہ کیا گیا اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ حکومت کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے 3500 کسان خود کشی کرچکے ہیں گذشتہ تین سال سے طلبہ کے فیس باز ادائیگی بقایا جات جاری نہیں کئے گئے ۔ تمام شعبوں میں حکومت ناکام ہے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے ۔ سینئیر قائدین جئے پال ریڈی ، سروے ستیہ نارائنا ، وی ہنمنت راؤ ، ملو بٹی وکرامارک ، سبیتا اندرا ریڈی ، انجن کمار یادو ، ریونت ریڈی ، ستیا اکا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT